نئی دہلی۔ جولائی؛ نوجوانوں کے امور اور کھیل کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب وجے گوئل نے انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر اور خارجہ امور کے وزیر مملکت جنرل (سبکدوش) وی کے سنگھ کے ساتھ گیارہویں سلم یووا دوڑ کو ہری جھنڈی دکھائی۔ آج کی دوڑ میں ڈاکٹر ونے سہسر بدھے اور رکن پارلیمنٹ مہیش گیری بھی موجود تھے۔ آج کی دوڑ کی شروعات وجے چوک سے شروع ہوئی اور یہ میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی۔ دلی کی مختلف کچی بستیوں کے تقریباً تین ہزار نوجوانوں نے اپنے ہاتھ میں ترنگا لیے اس دوڑ میں شرکت کی۔ سبھی شرکاء کو میڈل اور سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
جناب گوئل نے شرکا کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور خود بھی ترنگا کے ساتھ دوڑ میں حصہ لیا۔ دلی کی مختلف کچی بستیوں کے نوجوانوں نے اس طرح کا پلیٹ فارم کے فراہم کرنے کے لیے مذکورہ وزارت کی ستائش کی۔
جناب جاوڈیکر نے سلم یووا دوڑ اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوانوں کو کھیل اور مطالعہ کو یکساں اہمیت دینی چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ہنرمندی کا نئے ہندوستان کے لیے استعمال کریں۔ جنرل (سبکدوش) وی کے سنگھ نے شرکا کےساتھ تبادلۂ خیال کیا اور مسلح افواج میں شامل ہونے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے لیے کام کرنے کے لیے کہا۔