نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے مملاپورم چنئی تمل ناڈو میں دوسری غیر راسمی سربراہ کانفرنس کو ہندوستان اور چین کے درمیان ‘‘تعاون کے نئے دور ’’ کا آغاز قرار دیا۔
وزیراعظم آج مملاپورم میں غیررسمی سربراہ کانفرنس کے دوسرے دن وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کی صدارت میں منعقدہ وفدی سطح کی بات چیت کے شروعات میں افتتاحی بیان دے رہے تھے۔
گزشتہ سال وُہان میں دونوں ممالک کے درمیان پہلی غیررسمی سربراہ کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس سے ہمارے تعلقات کے استحکام میں اضافہ ہوا ہے اور انہیں نئی تحریک ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘‘دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک مواصلات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ‘‘ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو تنازعات میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے اور سمجھداری کے ساتھ ان کا حل نکالیں گے۔ ہم ایک دوسرے کی تشویشات کا لحاظ رکھیں گے اور ہمارے تعلقات سے عالمی امن و استحکام میں اضافہ ہوگا۔ ’’
مملاپورم میں دوسری غیررسمی سربراہ کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ‘‘چنئی کی سربراہ کانفرنس میں ہم نے اب تک دو طرفہ اور عالمی معاملات پر بہت زیادہ تبادلۂ خیال کیا ہے۔ وُہان سربراہ کانفرنس نے ہمارے دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی تحریک دی ہے۔ آج ہمارے چنئی کنیکٹ کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔’’
‘‘میں اپنی دوسری غیررسمی سربراہ کانفرنس کے لیے ہندوستان آنے پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چنئی کنیکٹ سے ہند – چین تعلقات کو بہت زیادہ تحریک ملے گی۔ اس سے ہمارے دونوں ملکوں اور دنیا کے عوام کو فائدہ ہوگا۔’’