نئی دہلی، 7 اکتوبر 2017 کو آئی آئی ٹی ، گاندھی نگر میں منعقدہ ڈیجیٹل ساکشارتا ابھینندن سماروہ سے وزیراعظم جناب نریندر مودی خطاب کریں گے۔ پردھان منتری گرامین ڈیجیٹل ساکشارتا ابھیان (پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اے) حکومت ہند کےڈیجیٹل انڈیا پہل کا جزولاینفک ہے۔ اس اسکیم کا مقصد دیہی ہندستان میں چھ کروڑ شہریوں کوڈیجیٹل سطح پر خواندہ بنانا ہے۔ اس تقریب کےدوران ڈیجیٹل تفریق کےمسائل نیز ڈیجیٹل مالیاتی لین دین اور اطلاعات ، معلومات اور ہنر تک رسائی فراہم کرنے میں تعاون دینےسے متعلق مسائل کو حل کرنے میں ڈیجیٹل خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ ملک کے اندر ڈیجیٹل سطح پر بااختیار سماج کا قیام ممکن ہوسکے۔
پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اےکا مقصد ہندستان کےدیہی باشندوں کومساوی موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملک کی تعمیر میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کرنے کے قابل ہوسکیں اور ڈیجیٹل تکنالوجی ، آلات اور خدمات کے ذریعہ روزی روٹی تک رسائی حاصل کرسکیں۔
اس تقریب میں وزیراعظم کے علاوہ مواصلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی ، نیز قانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد ، فروغ انسانی وسائل کےوزیر جناب پرکاش جاؤڈیکر ، گجرات کےوزیراعلی جناب وجے بھائی روپانی، فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت جناب ستیہ پال سنگھ، الیکٹرونکس انفارمیشن ٹکنالوجی اور سیاحت کےوزیر مملکت جناب کے جے الفونس ، گجرات کےنائب وزیراعلی جناب نتن بھائی پٹیل، تعلیم اور آمدنی کےوزیر مملکت جناب بھوپیندر چداسما موجود رہیں گے۔ علاوہ ازیں اس تقریب میں دیگر معزز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
حکومت کے ذریعہ، پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ کے اسکیم کی شروعات 2017 میں کی گئی تاکہ اگلے دو برس کے دوران پورے دیہی ہندستان میں چھ کروڑ شہریوں کو بنیادی ڈیجیٹل تعلیم اور تربیت فراہم کرائی جاسکے۔ اس کے تحت ہر ایک گھرانے میں کم از کم ایک فرد کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اے اسکیم کے تحت تربیت یافتہ شہری ڈیجیٹل آلات مثلاً کمپیوٹر ، ٹبلیٹس ، اسمارٹ فون، چلانے کے قابل ہوں گے۔ علاوہ ازیں وہ روز مرہ زندگی میں اپنے ہنر اور معلومات کو بڑھانے کےلئے انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے۔ مزید برآں وہ شہریوں کےلئے حکومت کی خدمات ، حفظان صحت اور مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
اس اسکیم کا مقصد ملک کے شہریوں کو ڈیجیٹل سطح پر مالیاتی لین دین کے قابل بناناہے۔ مستفدین کے بینک اکاؤنٹ سے آدھار نمبر کو جوڑ کر انہیں حکومت کی متعدد آن لائن خدمات مثلاً ریلوے ٹکٹ کی بکنک، پاسپورٹ کےلئے درخواست تک رسائی کے لئے قابل بنانا ہے۔ اس طرح ملک کے شہری تکنالوجی سےبہرہ ور ہوں گے اور حکمرانی کے عمل میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کرسکیں گے۔
ڈیجیٹل خواندگی کی ٹریننگ حاصل کرنے کے لئے پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اے پورٹل پر اب تک 55 لاکھ شہریوں نےاپنا اندراج کرایا ہے ان میں سے 22 لاکھ سے زائد شہریوں کو کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں۔ ا س اسکیم کو تربیتی مرکز۔ ہرایک پنچایت میں ایک (25 لاکھ تربیتی مراکز) کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا۔ تربیت دینے کی سہولت کے حامل سی ایس آر اور این جی او کے ذریعہ کارپوریٹ بھی ڈیجیٹل خواندگی پروگرام میں حصہ لیتے ہیں۔
7 اکتوبر 2017 کو گاندھی نگر میں منعقد ہونے والے ڈیجیٹل ساکشارتا ابھینندن سماروہ میں ملک بھر کی متعدد ریاستوں سے تقریباً 7000 تربیتی مرکز آپریٹر (سی ایس –وی ایل ای) شرکت کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت تربیت یافتہ نیز سند یافتہ 500 شہری بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم جنا ب نریندر مودی گاؤں کی سطح کے پانچ کاروباری کو نیز ڈیجیٹل طور پر خواندہ پانچ شہریوں کو انعامات دیں گے۔ ملک بھر کے تمام کامن سروس سینٹر- 26 لاکھ، گاندھی نگر میں منعقد پروگرام کو ٹیلی کاسٹ کریں گے تاکہ اپنے اپنے مرکز میں وہ مقامی شہریوں کو تربیت حاصل کرنے کےلئے راغب کرسکیں ۔ اس تقریب کو قومی دوردرشن چینل پر بھی نشر کیا جائے گا۔