نئی دہلی۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج اترپردیش سرمایہ کار کانفرنس ۔2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ جب کوئی تبدیلی ہوتی ہے تو وہ سب کے لئے نمایاں اور واضح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں سرمایا کاروں کی اتنی بڑی کانفرنس کا انعقاد اور اس میں اتنے سارے سرمایہ کاروں کی شرکت، از خود تبدیلی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ انہو ں نے ریاست کو بہت کم عرصے میں ، ترقی اور خوشحالی کےر استے پر لے جانے کے لئے مبارکباد دی۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ ریاست میں وسائل اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہ وافر مقدار میں ہیں۔ انہوں نے ان کا استعمال زراعت کو مستحکم کرنے کے لئے کرنے کو کہا۔ انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں منفی ماحول کو تبدیل کرکے ایک مثبت اور پرامید ماحول بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں ترقی کے لئے مختلف شعبوں میں مناسب پالیسیاں بنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں، خواتین اور نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ ریاست‘‘ ایک ضلع۔ ایک پروڈکٹ’’ اسکیم پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ، اسکل انڈیا مشن، اسٹینڈ اپ مشن اور پردھان منتری مدرا یوجنا جیسی اسکیمیں‘‘ ایک ضلع ۔ایک پرڈوکٹ’’ اسکیم کے نفاذ میں بہت کارگر ثابت ہوں گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی پردھان منتری کسان سمپدا اسکیم، زرعی شعبے میں کچرے اور فضلے کو کم کرنے میں مدد دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اترپردیش میں گنا بہت بڑے حصے میں پیدا ہونے کے سبب ایتھنول پیدا کرنے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ اترپردیش میں ایک دفاعی صنعتی راہ داری ( کاریڈور) قائم کی جائے گی اور یہ بندیل کھنڈ خطے کی ترقی میں مدد کرے گی۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے بتایا کہ آئندہ برس پریاگ میں کمبھ میلے کاانعقاد کیاجائے گا۔ یہ میلہ دنیا بھر میں ، اپنی طرح کا سب سے بڑا میلہ ہے۔