نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج سابق وزیراعظم ، بھارت رتن جناب اٹل بہاری واجپئی کے اعزاز میں ایک یادگاری سکہ جاری کیا ۔ اس موقعے پر لوک سبھا کی اسپیکر محترمہ سمترا مہاجن ، مرکزی وزیر خزانہ جناب ارون جیٹلی ، ثقافت (آزادانہ چارج )کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیش شرما ، اراکین پارلیمنٹ جناب امت شاہ ، جناب ایل کے اڈوانی ، دیگرکابینی وزرا ء اور معزز شخصیات موجود تھیں ۔ جناب اٹل بہاری واجپئی کے قریبی اہل خانہ بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ذہن اس بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں کہ جناب واجپئی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک قدآور شخصیت تھے جنہیں سماج کے سبھی طبقات کے درمیان محبت اور احترام حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک واجپئی کی آواز عوام کی آواز بنی رہی ۔ ایک مقرر کی حیثیت سے ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ ہمارے ملک کے بہترین مقرروں میں سے ایک تھے ۔جناب نریندر مودی نے کہا کہ جناب واجپئی کے کریئر کا ایک لمبا عرصہ اپوزیشن کی بینچوں پر گذرا ، لیکن وہ ہمیشہ قومی مفاد کے بارے میں بات کرتے رہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جناب واجپئی کی خواہش تھی کہ جمہوریت کو ہی اعلیٰ ترین مقام حاصل رہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جناب واجپئی ہم سب کے لئے ہمیشہ باعث تحریک بنے رہے ہیں۔
سوروپئے کے اس سکے پر سابق وزیراعظم کی تصویر ہے اور ان کا نام ہندی اور انگریزی میں لکھا ہوا ہے ۔ اس سکے کا وزن 35 گرام ہے اور اس پر 1924 اور 2018 کندہ ہے جو کہ آنجہانی جناب واجپئی کی پیدائش اور وفات کا سال ہے ۔دوسرے پہلو پراشوک کی لاٹ کے شیروں کی علامت بنی ہے ور اس کے نیچے ’’ستیہ مئیو جیتے ‘‘ کندہ ہے۔