نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو برج کے ذریعے ملک بھر کے سیلف ہیلپ گروپس کے ممبروں اور دین دیال انتودیا یوجنا سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیر اعظم کی اس بات چیت پروگرام میں مختلف سیلف ہیلپ گروپس کی نمائندگی کرنے والی ایک کروڑ سے زیادہ خواتین کا احاطہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ویڈیو پروگرام کے ذریعے مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ بات چیت کی سیریز میں یہ 9 ویں بات چیت تھی ۔ مختلف ریاستوں کے سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کے ساتھ بات چیت کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر ممبر عہد ، اجتماعی کوششوں اور صنعت کاری کی ایک تحریک دینے والی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتیں صنعت کاری میں مصروف ہیں۔ ان کے پاس مشکل حالات کے دوران خود اعتمادی حاصل کرنے کی زبردست اندرونی طاقت ہے اور انہیں صرف کار کردگی دکھانے کے لئے مواقع کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ خواتین کے تعاون کے بغیر متعدد سیکٹر، خاص کر زراعت اور ڈیری کے بارے میں سوچنا بھی نا ممکن ہے۔ یہ پورے ملک میں عورتوں کو با اختیار بنانے کا سچا جذبہ ہے۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے بات چیت کے دوران کہا کہ دین دیال انتودیہ یوجنا –نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن ’دیہی علاقوں میں روزی روٹی کا قومی مشن ‘تمام ریاستوں میں شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد ڈھائی لاکھ گرام پنچایتوں میں کروڑوں کنبوں تک پہنچنا ہے اور انہیں روزی روٹی کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے اسکیم کے کامیاب نفاذ کے لئے تمام ریاستوں اور افسروں کو بھی مبارکباد دی ۔
سیلف ہیلپ گروپس کے بارے میں بات کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس غریبوں ، خصوصاً معاشرے کی دیہی طبقوں کے غریب کی عورتوں کے لئے معاشی اور سماجی ترقی میں اہم رول ادا کر تے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2011 اور 2014 کے مقابلے میں پچھلے چار سال کے عرصے میں سیلف ہیلپ گروپوں کی تعداد چار گنا ہو گئی ہے۔ اس سے دیہی علاقوں میں روزگار پیدا ہو رہے ہیں اور صنعت کاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 2011 اور 2014 کے تین سال کے دوران صرف پانچ لاکھ سیلف ہیلپ گروپ تشکیل دیئے گئے۔ جو 52 لاکھ کنبوں کو کور کرتے ہوئے جبکہ 2014 کے بعد سے اضافی 20 لاکھ سیلف ہیلپ گروپس بنائے گئے ،جنہوں نے سوا دو کروڑ کنبوں کو کور کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں سیلف ہیلپ گروپس کو فروغ دینے کے لئے تربیت ، مالی امداد اور مواقع بھی فراہم کر رہی ہے ۔ مہیلا کسان سشکتی کرن پریوجنا کے ذریعے 33 لاکھ سے زیادہ خواتین کسانوں کو تربیت دی گئی ۔ فی الحال پورے دیہی ہندوستان میں تقریباً 5 کروڑ خواتین کی سرگرم شرکت کے ساتھ 45 لاکھ سیلف ہیلپ گروپس ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دین دیال انتودیا یوجنا کے ذریعے دیہی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے خاص توجہ دی گئی ہے۔ ایک بہتر زندگی کے لئے نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے کی غرض سے روزگار کے ساتھ ساتھ خود روزگار کی تربیت دی گئی ہے۔ جناب مودی نے مزید بتایا کہ 600 دیہی خود روزگار تربیتی ادارے کے ذریعے ہنر مندی کے فروغ میں تقریباً 28 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے اور تقریباً 19 لاکھ کو روزگار دیا گیا ہے۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم نے ویلیو ایڈیشن اور ویلیو چین اپروچ کی اہمیت کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اشیاء اور سامان فروخت کرنے کے لئے گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس میں اندراج کرائیں ۔
وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ممبروں نے اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور سیلف ہیلپ گروپوں کے ساتھ جوڑنے پر کامیابی کی داستانیں بتائیں ۔ وزیراعظم نے اس بات کے لئے تعریف کی کس طرح غریب عورتوں نے اپنی خود اعتمادی کے ساتھ اور تمام مشکلات کے باوجود حالات کا مقابلہ کیا۔
فیض پانے والی خواتین نے بھی وضاحت کی کہ کس طرح سیلف ہیلپ گروپوں نے ان کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔ وزیراعظم نے فیض پانے والوں سے کہا کہ وہ نریندر مودی ایپ کے ذریعے اپنے خیالات اور فوٹو ساتھ اپنی کامیابی کی داستانیں بھیجیں۔