17.2 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

وزیراعظم کے ہاتھوں ڈکویا میں اسپتال کا افتتاح، نارووڈ میں ہند نژاد تمل برادری سے وزیراعظم کا خطاب

وزیراعظم کے ہاتھوں ڈکویا میں اسپتال کا افتتاح، نارووڈ میں ہند نژاد تمل برادری سے وزیراعظم کا خطاب
Urdu News

نئی دہلی،   12  مئی  2017،  وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج سری لنکا کے وسطی صوبہ ڈکویا میں ہندوستان کے مالی تعاون سے تعمیر کردہ ایک اسپتال کا افتتاح کیا۔ سڑک کے کنارے بڑی تعداد میں قطار میں کھڑے لوگوں نے وزیراعظم مودی کا خیرمقدم کیا۔ بعد میں وزیراعظم  نے سری لنکا کے صدر،  وزیراعظم اور کمیونٹی لیڈران کی ایک اچھی خاصی تعداد کی موجودگی میں نارووڈ میں ہند نژاد تملوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران، وزیراعظم نے سری لنکا کے لئے ہند نژاد تمل باشندوں  کی خدمات اور ہندوستان اور سری لنکا کے بیچ مشترکہ وراثت کے بارے میں روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے سیلان ورکرس کانگریس اور تمل  پروگریسیو کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم کے خطاب کے چند اہم اقتباسات درج ذیل ہیں۔ وزیراعظم نے یہ خطاب ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 30000 سامعین کی موجودگی میں کیا۔ سامعین میں سے اکثر و بیشتر وسطی سری لنکا میں رہنے والے ہند نژاد تمل ہیں۔

یہاں آکر مجھے بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے۔ میں آپ کے گرمجوشانہ  اور پرجوش استقبال کے لئے آپ کا ممنون ہوں۔ یہ میرے لئے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ میں ہندوستان کا پہلا وزیراعظم ہوں جسے سری لنکا کے اس خوبصورت خطے کی زیارت کا شرف حاصل ہوا ہے۔ اسی کے ساتھ آپ سے خطاب کرنے کا موقع ملنا بھی میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ دنیا بھر کے لوگ اس زرخیز زمین میں پیدا ہونے والی مشہور سیلان چائے سے واقف ہیں۔ البتہ جس چیز کے بارے میں لوگوں کو کم پتہ ہے وہ آپ کی کڑی محنت اور آپ کا پسینہ بہانا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کے لاکھوں لوگ سیلان چائے کو پسند کرنے لگے ہیں۔ اگر سری لنکا چائے برآمد کرنے والے ملکوں میں تیسرا سب سے بڑا ملک ہے، تو یہ آپ کی کڑی محنت کی وجہ سے ہے۔ یہ آپ کی محنت ہی کا نتیجہ ہے کہ سری لنکا دنیا کی چائے کی تقریباً 17 فیصد مانگ کو پورا کررہا ہے  اور غیر ملکی کرنسی میں 1.5 بلین امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کررہا ہے۔ آپ لوگ سری لنکا کی فروغ پاتی چائے صنعت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ صنعت آج اپنی کامیابی اور اپنی عالمی رسائی پر نازاں ہے۔ آپ کی خدمات کو سری لنکا اور بیرون سری لنکا  میں کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ میں آپ کی کڑی محنت کی ستائش کرتا ہوں۔ میرے اور آپ کے درمیان کچھ چیزیں مشترک ہیں۔  آپ میں سے کچھ لوگوں نے یہ ضرور سنا ہوگا کہ چائے سے میرا ایک خاص رشتہ رہا ہے۔ چائے پر چرچا یا چائے پر بات چیت محض ایک نعرہ نہیں ہے۔ اس کے بجائے ایماندارانہ محنت  کے وقار کے تئیں یہ انتہائی احترام کی علامت ہے۔ آج ہمیں آپ  کے آباؤ اجداد کی یاد آتی ہے۔ مضبوط عزم اور حوصلہ والے ان مرد و خواتین نے اپنی زندگی کا سفر ہندوستان سے سیلان تک طے کیا۔ ان کا یہ سفر مشکل بھرارہا ہوگا اور ان کی جد و جہد سخت رہی ہوگی لیکن انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ آج ہم انہیں یاد کرتے ہیں اور ان کے جذبہ کو سلام کرتے ہیں۔

آپ کی نسل نے بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کیا۔ ایک نئے خود مختار ملک میں اپنی شناخت بنانے میں آپ نے سخت چیلنج کا سامنا کیا لیکن آپ نے بڑی ہمت سے اس چیلنج کا سامنا کیا۔ آپ نے اپنے حقوق کے لئے لڑائی لڑی اور یہ لڑائی  آپ نے پرامن طور پر لڑی۔

ہم سومیا مورتھی تھندا من جیسے لیڈروں کو کبھی نہیں بھولیں گے جنہوں نے آپ کے حقوق کے لئے، آپ کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لئے سخت محنت کی۔ دو ملینیا سے زائد عرصے پہلے تمل اسکالر کنیان ینگزنار نے کہا تھا ، ’’یاتھم اورے، یارورم کیلر، جس کا مطلب ہے ہر ایک قصبہ اپنا قصبہ ہے اور سبھی لوگ اپنے رشتہ دار ہیں‘‘ اور آپ نے اس قوم کی اصل روح کو اپنے اندر سمو رکھا ہے۔ آپ نے سری لنکا کو اپنا گھر بنالیا ہے۔ آپ اس خوبصورت ملک کے سماجی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہیں، آپ تمل تھائی کے بچے ہیں۔آپ دنیا کی قدیم ترین زندہ روایتی زبانوں میں سے ایک زبان بولتے ہیں۔  یہ فخر کی بات ہے کہ آپ میں سے زیادہ تر سنہالا بھی بولتے ہیں اور زبان کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ اس سےکسی کی تہذیب کا پتہ چلتا ہے، رشتے قائم ہوتے ہیں، برادریوں کو آپس میں جوڑتی ہے اور ایک مضبوط متحدہ طاقت کے طور پر کام کرتی ہے۔ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنے والے کثیر زبان والے معاشرہ سے بہتر کوئی اور منظر نہیں ہے۔ تکثیریت خوشی اور جشن کی متقاضی ہے  نہ کہ ٹکراؤ کی۔ ہمارا ماضی ہمیشہ سے ایک دوسرے سے جڑا رہا ہے۔

جٹکا کی داستانوں سمیت بدھشٹ کے متعدد اقتباسات میں سنت اگستیا کا تذکرہ ملتا ہے جن کے بارے میں زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ وہ تمل زبان کے بانی ہیں۔ سنہالا اور تمل کورٹ  زبانیں ہیں؛ ہندوؤں اور بدھشٹوں دونوں کے شرائن کا احترام کیا جاتا ہے اور انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ہمیں اتحاد اور ہم آہنگی کی اس فضا کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور آپ اس سلسلے میں اپنی بہتر خدمات دے سکتے ہیں۔ میرا تعلق ہندوستان کی ریاست گجرات سے ہے۔ گجرات مہاتما گاندھی کی جائے پیدائش ہے۔ تقریباً 90 سال پہلے انہوں نے کانڈ، نورارا الیا، مٹالے، بدولا ، باندرا ویلا اور میٹان سمیت سری لنکا کے اس خوبصورت حصہ کا دورہ کیا تھا۔ گاندھی جی کے سری لنکا کے پہلے اور واحد دورہ کا مقصد سماجی۔ معاشی ترقی کے پیغام کو پھیلانا تھا۔ اس تاریخی دورہ کی یاد میں 2015 میں حکومت ہند کی مدد سے مٹالے میں مہاتما گاندھی انٹرنیشنل سینٹر کا قیام عمل میں آیا تھا۔ بعد کے سالوں میں ہندوستان کی ایک دوسری قومی شخصیت پرائچی تھلائیور ایم جی آر کی پیدائش اسی سرزمین پر ہوئی اور حالیہ دنوں میں آپ نے دنیا کو متھیہ مرلی دھرن کی شکل میں ایک بہترین اسپنر کرکٹ کھلاڑی دیا ہے۔

آپ کی ترقی ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں میں آپ کی حصولیابیوں سے  ہمیں بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ ہم ہند نژاد بیرن ملک میں مقیم افراد کی کامیابی پر بیحد خوش ہیں۔ میں آپ میں سے مزید اور لوگوں کی کامیابیوں کا منتظر ہوں۔ آپ ہندوستان اور سری لنکا کے عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ کی ایک اہم کڑی ہیں۔ ان رابطوں کو فروغ دینا میری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آپ ہماری شراکت داری اور تعلق کو اس انداز میں تشکیل دیں جو تمام ہندوستانیوں اور سری لنکا کے تمام لوگوں کی ترقی میں معاون ہو اور جو آپ کی زندگیوں کو بھی چھو جائے۔ آپ نے ہندوستان کے ساتھ اپنے رشتوں کو برقرار رکھا ہے۔ آپ کے ہندوستان میں دوست اور رشتے دار ہیں۔ آپ ہندوستانی تہواروں کو اپنے تہواروں کی طرح مناتے ہیں۔ آپ نے ہماری تہذیب کو اپنے اندر سمو لیا ہے اور آپ نے اسے اپنی تہذیب بنالی ہے۔ ہندوستان  آپ کے دلوں میں بستا ہے اور  میں یہاں آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ ہندوستان آپ  کے جذبات کی مکمل طور پر قدر کرتا ہے۔ ہم تمام ممکنہ طریقوں سے آپ کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے مسلسل انتھک کوشش کرتے رہیں گے۔ مجھے معلوم ہے کہ سری لنکا کی حکومت 5 سالہ قومی کارروائی منصوبہ سمیت آپ کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے سرگرم اقدامات کررہی ہے۔ ہندوستان اس سمت میں سری لنکا کی حکومت کی پوری مدد کرے گا۔

ہندوستان نے سری لنکا حکومت کے ساتھ آپ کی خوشحالی کے لئے کئی پروجیکٹ شروع کئے ہیں بالخصوص تعلیم، صحت اور کمیونٹی کی ترقی کے شعبوں میں۔

دی سیلان اسٹیٹ ورکرس ایجوکیشن ٹرسٹ (سی ای ڈبلیو ای ٹی) کا قیام بہت پہلے 1947 میں عمل میں آیا تھا۔ اس کا مقصد آرزومند طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس کے تحت ہم سری لنکا اور ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو سالانہ تقریباً 700 اسکالر شپ دیتے ہیں۔ آپ کے بچے اس سے مستفیض ہوئے ہیں۔ روزگار اور صلاحیت سازی کے میدان میں، ہم نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز اور 10 انگلش لینگویج ٹریننگ  سینٹرز اور لیب  قائم کئے ہیں۔ اسی طرح ہم نے پلانٹیشن  اسکولوں  میں کمپیوٹر اور سائنس لیب  کھولنے میں مدد کی ہے۔ ہم متعدد پلانٹیشن اسکولوں کو اپ گریڈ بھی کررہے ہیں۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے، صدر  سری سینا، وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے اور میں نے ڈکویا میں 150 بستر والا ایک نیا ہاسپٹل کمپلیکس یہاں کے عوام کو وقف کیا ہے۔ یہ اسپتال ہندوستان کے مالی تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔ جدید ترین سہولیات سے لیس یہ اسپتال خطہ کی حفظان صحت کی ضروریات کی تکمیل  کرے گا۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بھی خوشی ہورہی ہے کہ ہم 1990 ایمرجنسی ایمبولنس سروس کو دیگر تمام صوبوں میں بھی پہنچائیں گے۔ فی الحال یہ سروس مغربی اور جنوبی صوبوں میں جاری ہے۔ ہمیں یوگا اور آیوروید جیسی ہندوستان کی حفظان صحت کی روایتوں کے بارے میں آپ کو بتانے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ اب جبکہ ہم آئندہ ماہ یوگا کا عالمی دن منانے جارہے ہیں،ہم اس کے کثیر فوائد کو مقبول عام بنانے میں آپ کی سرگرم شراکت داری کے منتظر ہیں۔ سری لنکا میں اختراعی انڈین ہاؤسنگ پروجیکٹ کے ایک حصہ کے طور پر، سری لنکا کے اندرونی حصوں میں 4000  مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ پہلی مرتبہ مستفیدین  کو بھی اس زمین کی ملکیت دی جارہی ہے جس زمین پر مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس علاقہ میں اپنی عہد بستگی کو جاری رکھتے ہوئے مجھے یہ اعلان کرنے میں خوشی ہورہی ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت دس ہزار اضافی مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں آج میں نے کولمبو سے وارانسی تک براہ راست ایر انڈیا کی پروازوں کا علان کیا ہے۔

اس کے ساتھ آپ بہ آسانی وارانسی کا سفر کرسکیں گے اور بھگوان شیوا کی دعائیں لیں گے۔ حکومت ہند اور وہاں کے عوام امن اور عظیم تر خوشحالی کی طرف آپ کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم آپ کے ماضی کے چیلنجوں  سے نمٹنے میں آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ کو اپنے مستقبل کے وعدہ کا احساس ہو۔

مجھے یقین ہے کہ آپ کا مستقبل روشن ہوگا

آپ کا شکریہ بہت زیادہ۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More