زراعت و کاشت کاروں کے فلاح وبہبود کے وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے آج کرشی بھون میں منعقدہ ایک تقریب کے دوان کل ہند زرعی ٹرانسپورٹ کال سینٹر کا آغاز کیا، جس کا مقصد یہ ہے کہ کووڈ-19 کے خطرے کی وجہ سے لا ک ڈاؤن کے رواں صورت حال کے دوران جلد خراب ہوجانے والی اشیا کی بین ریاستی نقل وحمل کا راستہ ہموار کیا جاسکے ۔ اس کال سینٹر کے نمبران بالترتیب 18001804200 اور 14488ہیں۔ ان نمبران پر کسی بھی وقت دن یا رات میں کسی بھی موبائل یا لینڈ لائن سے کال کی جاسکتی ہے۔
چوبیس گھنٹے ساتوں دن جاری رہنے والی یہ خدمت یعنی آل انڈیا زرعی کال سینٹر حکومت ہند کے تحت زراعت، امداد باہمی اور کاشت کاروں کے فلاح وبہبود کے محکمے کی ایک پہل قدمی ہے، جس کا مقصد ریاستوں کے مابین جلد خراب ہوجانے والی اشیا مثلا سبزیوں اور پھلوں، زرعی سازوسامان مثلا بیج کیڑے فنا کرنے والی ادویہ اور کیمیاوی کھاد وغیرہ کے نقل وحمل کے کام میں تال میل پیدا کرنا ہے۔
ٹرک ڈرائیور اور ہیلپر، تاجر اور خوردہ فروخت کار ، ٹرانسپورٹرس فارمرس، مینوفیکچرر یا دیگر متعلقہ افراد جو زرعی، باغبانی یا کسی دیگر جلد خراب ہوجانے والی چیز کی بین ریاستی نقل وحمل میں دقتوں کا سامنا کررہے ہیں اور جن اشیا میں بیج اور کیمیاوی کھاد بھی شامل ہیں، وہ مدد حاصل کرنے کے لیے مذکورہ کال سینٹر سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ کال سینٹر کے ایگزیکیٹیو حضرات درکار مدد کے ساتھ موٹر گاڑی اور سامان کی تٖفصیلات کو مسئلے کا حل نکالنے کےلیے ریاستی حکومت کے افسران کو ارسال کریں گے۔
مذکورہ مرکز فریدآباد میں واقع آئی ایف ایف سی او، کسان سنچار لمیٹیڈ (آئی کے ایس ایل)، ہریانہ سے چلایا جارہا ہے۔ کال سینٹر کی لائنیں ابتداً چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں دس کسمٹر ایگزیکیٹیو حضرات کے زیر نگرانی کام کریں گی۔ مذکورہ کال سینٹر کی خدمات ضرورت کے مطابق بیس نشستوں تک کی صلاحیت کی حامل بنائی جاسکتی ہے۔ مذکورہ کال سینٹر کے ایگزیکیٹیو حضرات مسائل کی تصدیق اور حل کا ایک ریکارڈ رکھیں گے اور اس سلسلے میں ضرورت کے مطابق تفصیلات بھی بہم پہنچائیں گے۔
زراعت و کاشت کاروں کے فلاح وبہبود کے وزرائے مملکت جناب پرشوتم روپالا اور جناب کیلاش چودھری، اے سی ایف ڈبلیو کے سکریٹری جناب سنجے اگروال، وزارت کے سینئر افسران، آل انڈیا ایگری ٹرانسپورٹ کال سینٹر کے آغاز کی تقریب کے دوران موجود تھے۔ چوبیس گھنٹے ساتوں دن دستیاب رہنے والی کال سینٹر خدمت ڈی ایس سی اینڈ ایف ڈبلیو کی جانب سے کیے جانے والے متعدد اقدامات کا ایک حصہ ہے، جن کا مقصد لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران فیلڈ کی سطح پر کاشت کاروں اور کاشت کاری سے متعلق سرگرمیوں کے لیے سہولت بہم پہنچانا ہے۔