نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2 جولائی 2020 کو روسی وفاق کے صدر ہز ایکسیلینسی جناب ولادیمیر پتن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیر اعظم نے دوسری جنگ عظیم میں کامیابی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منائی جانے والی تقریب کی کامیابی پر جناب پتن کو مبارک باد دی اور روس میں آئینی ترمیم پر ووٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر بھی مبارک باد دی۔
وزیر اعظم نے24 جون 2020 کو ماسکو میں منعقدہ فوجی پریڈ میں بھارتی دستے کی شرکت کو یاد کیا اور اسے بھارت اور روس کے عوام کے درمیان پختہ دوستی کی علامت قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ان مؤثر اقدامات کو نوٹ کیا جو دونوں ملکوں نے عالمی وبائی بیماری کووڈ-19 کے منفی نتائج پر توجہ دینے کے لیے کیے ہیں اور کووڈ-19 کی بعد کی دنیا کے چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے بھارت اور روس کے قریبی تعلقات کی اہمیت سے اتفاق کیا۔
انھوں نے باہمی رابطوں اور صلاح وشورے کی رفتار برقرار رکھنے سے اتفاق کیا جس کے نتیجے میں اس سال بعد میں بھارت میں سالانہ باہمی چوٹی میٹنگ منعقد ہوگی۔ وزیر اعظم نے باہمی چوٹی میٹنگ کے لیے بھارت میں صدر پتن کا خیر مقدم کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔
صدر پتن نے ٹیلی فون کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں خصوصی اور اعلیٰ درجے کی اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کودہرایا۔