نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی 20 جنوری 2020 کو طلباء، اساتذہ اور والدین کے ساتھ ‘‘پریکشا پہ چرچا2020 ’’ پر بات چیت کریں گے۔ اسکولی طلباء کے ساتھ وزیر اعظم کی بات چیت کے تیسرے ایڈیشن ‘‘امتحان پہ چرچا 2020 ’’ کا انعقاد 20 جنوری 2020 کو صبح 11 بجے نئی دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی سوالوں کے جواب دیں گے اور منتخب طلباء کے ساتھ بات چیت میں بتائیں گے کہ وہ امتحان کے تناؤ کو کیسے کم کرسکتے ہیں ۔
طلباء، اساتذہ اور والدین میں زبردست جوش دیکھا جا رہا ہے ، وہ صرف اس لیے نہیں کہ وہ ایک انوکھے پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں بلکہ اس لیے بھی کہ انہیں وزیر اعظم سے قیمتی مشورے ملیں گے۔ وزیر اعظم ہمیشہ یہ یقینی بنانے کے خواہاں رہے ہیں کہ طلباء پرسکون ماحول میں امتحان دیں اور کسی قسم کے تناؤ میں نہ آئیں تاکہ طویل وقفے میں بہتر نتائج کو یقینی بنایا جا سکے ۔
اسکول اور کالج کے طلباء کے ساتھ وزیر اعظم کے اس پروگرام کا پہلا ایڈیشن ‘‘پریکشا پہ چرچا 1.0’’ کا انعقاد 16فروری 2018 کو تال کٹورہ اسٹیڈیم ، نئی دہلی میں ہوا تھا ۔ اسکول اور کالج کے طلباء کے ساتھ اس پروگرام کے دوسرے ایڈیشن ‘‘پریکشا پہ چرچا 2.0 ’’ کا انعقاد 29 جنوری 2019 کو نئی دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ہوا تھا ۔