نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اترپردیش میں سنت کبیر نگر ضلع میں مگہر کا دورہ کیا اور عظیم سنت اور شاعر کبیر کو ان کی 500ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے سنت کبیر کی سمادھی پر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا اور سنت کے مزار پر چادر چڑھائی۔ وزیر اعظم نے سنت کبیر گپھا کا دورہ کیا اور سنت کبیر اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ایک تختی کی نقاب کشائی کی۔ یہ اس اکیڈمی سے عظیم سنت کی تعلیمات اور افکار کو اجاگر کیا جائے گا۔
ثقافت کےمرکزی وزیر مملکت (آزادنہ چارج) ور ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر مہیش شرما اور خزانے کے مرکزی وزیر مملکت جناب شیو پرتاپ شکلا اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ وہاں موجود سرکردہ شخصیات میں شامل تھے۔
بعد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مگہر کے مقام پر عظیم سنت کبیر کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کی برسوں کی خواہش پوری ہوئی ہے۔ یہ وہ جگہ ہے ، جہاں پرانی داستان کے مطابق سنت کبیر، گرونانک اور بابا گورکھ ناتھ نے روحانی بحث و مباحثہ کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سنت کبیر اکیڈمی جو 24کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی ، ایک ایسا ادارہ ہوگی جہاں سنت کبیر کے ورثے کو محفوظ رکھا جاسکے گا اور جہاں علاقائی بولیاں اور اترپردیش کے لوک فن محفوظ کئے جاسکیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سنت کبیر ہندوستان کی روح کی نمائندگی کرتے تھے۔ انہوں نے ذات پات کی رکاوٹوں کو توڑااور عام دیہی ہندوستانی کی زبان بولی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سنت کبیر کی تعلیمات سے ہمیں نیو انڈیا کے وژن کو ایک خاص شکل دینے میں مدد ملے گی۔
ثقافت کےمرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، ڈاکٹر مہیش شرما نے کہا کہ سنت کبیر کی زندگی، ان کے الفاظ اور ان کے کارنامے ‘وسودھیوا کٹمبکم’ کے فلسفے کی طرز پر تھے۔انہوں نے کہا کہ کبیر کے بے مثال ورثے نے سماج کے تمام طبقوں کو آپس میں جوڑ دیا ہے اور ہم ان کے پیغامات میں ‘ایک بھارت شریٹھ بھارت’کا پیغام آسانی سے تلاش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ثقافت ان عظیم انسانوں کی زندگیوں کے بارے میں بہت سے تقریبات منانے پر کام کررہی ہے، جنہوں نے ہندوستان کو ایک عظیم قوم بنایا۔
اس دوروزہ تقریب کا اہتمام ثقافت کی وزارت نے کیا ہے، تاکہ کبیر کے لٹریچر کے درخشاں باب کو پیش کیا جائے ۔ پورے ملک سے مختلف فنکار اور موسیقی تھیٹر اپنے اپنے پروگرام پیش کررہے ہیں۔
میلے کا اختتام کل ہوگا اور کل جو پروگرام پیش کئے جائیں گے اس میں مقامی گروپ سنت کبیر کے بارے میں اپنے اپنے پروگرام پیش کریں گے۔