نئی دہلی: وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج لوک کلیان مارگ پر قومی اساتذہ ایوارڈ 2018ء پانے والوں کے ساتھ بات چیت کی۔
وزیراعظم نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو ان کے امتیازی کام کے لئے مبارکباد دی۔انہوں نے ان سے درخواست کی کہ وہ ہر طالب علم کی زندگی میں یکسر تبدیلی لانے کے لئے اپنی سخت کوششیں جاری رکھیں۔
بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے تدریسی معاون آلات کے طورپر ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباء کے اندر غورو فکر کے جذبے کی حوصلہ افزائی کریں ، تاکہ وہ روز مرہ کے متعدد مسائل کا حل تلاش کرسکیں۔ انہوں نے انعام پانے والوں سے درخواست کی وہ بچوں کو ایک موقع دیں اور انہیں محدود نہ کریں۔
وزیر اعظم نے طلباء کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی بچوں کے لئے ترغیباتی کام کرے گی اور انہیں خود سے مسابقت کرنے کے لائق بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد امور کے تئیں طلباء کے نقطہ نظر کو سمجھنا اہم ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ وہ بچوں کے اندر زندہ دلی پیدا کریں اور انہیں ایسا بنائیں کہ وہ سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔
وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انعام یافتگان نے اسکولوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے اپنے یکسر تبدیلی لانے والے کاموں کے بارے میں بتایا ۔انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کیسے اٹل ٹِنکرنگ لیبس نے طلباء کو جدت طرازی کرنے اور ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کا اہل بنایا ہے۔
فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال اور فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت جناب سنجے شمراؤ دھوترے بھی اس موقع پر موجود تھے۔