نئی دہلی۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج سول سروسز ڈے کے موقع پر سرکاری ملازموں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدر دانی ، تجزیہ اور محاسبہ کا ایک موقع ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم ایوارڈ کو سرکاری ملازمین کو ترغیب دینے کی جانب ایک قدم قرار دیا اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ حکومت کی ترجیحات کا بھی اشاریہ ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترجیحاتی پروگرام جیسے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا ، دین دیال اپادھیائے کوشلیہ یوجنا ، پردھان منتری آواس یوجنا اور ڈیجیٹل ادائیگی ، جس کے لیے ایوارڈ دیے گئے ہیں ، نئے بھارت کے اہم پروگرام ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم ایوارڈ سے متعلق آج دو کتابوں کے اجراء اور خواہشمند اضلاع میں اقدامات کا بھی ذکر کیا ۔
خواہشمند اضلاع کے موضوع پر بولتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سبھی 115 اضلاع تمام ریاستوں کے لیے ترقی کے انجن بن گئے ہیں ۔ انہوں نے ترقی کے عمل میں جن بھاگیداری یعنی عوامی شراکت کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 جو کہ آزادی کی 75 ویں سالگرہ ہے ، ہمارے مجاہدین آزادی کے خوابوں کے ہندوستان کے حصول کی خاطر کام کرنے کے لیے ترغیب کا باعث بن سکتا ہے ۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ خلائی ٹکنالوجی سمیت تمام دستیاب ٹکنالوجی کا استعمال بہتر حکمرانی کے لیے کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے اہم ہے کہ وہ عالمی سطح پر ابھرتی ٹکنالوجیوں کے ساتھ قدم سے قدم ملائیں ۔
انہوں نے سرکاری ملازمین کو عظیم صلاحیتوں کا حامل قرار دیا اور کہا کہ یہ صلاحیتیں قوم کو فائدہ پہنچانے میں بڑے پیمانے پر تعاون کرسکتی ہیں ۔