نئی دہلی۔/مئی۔ مرکزی وزیر خزانہ جناب ارون جیٹلی نے جاپان کے وزیر خزانہ مسٹر تارو آسو کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں میک ان انڈیا پروگرام کے تحت کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا اور جاپانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں میٹرو ریل منصوبوں کے لئے کمپارٹمنٹ مینوفیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں۔ دونوں وزراء نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہم آہنگی کو محسوس کیا اور ہندوستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بعد ازاں جناب جیٹلی نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مسٹر تاكےہیكو ناكاو کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی، جس میں ہندوستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہندوستان ایشیائی ترقیاتی بینک کا سب سے بڑا کلائنٹ ہے، جناب جیٹلی نے اے ڈی بی صدر سے اپیل کی کہ چونکہ یہ بینک ترقی پذیر رکن ممالک کو خدمات فراہم کرتا ہے، اس لئے وہ اس بات کو یقینی بنائے اے ڈی بی کے چلانے اور وسائل کی منصوبہ بندی میں ترقی پذیر ممالک کے نظریہ کو ترجیح دی جائے۔
جناب جیٹلی جاپان کی تین دن کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وہ وہاں دوسری مصروفیات کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے گورنروں کے سالانہ اجلاس میں حصہ لیں گے۔ وزیر خزانہ کے ہمراہ محکمہ اقتصادی امور میں سیکرٹری شکتی کانتا داس اور دیگر سینئر افسران بھی ہیں۔