خزانے اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر محترمہ سیتا رمن نے آج ممبئی میں مالی اور پونجی منڈیوں کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کی ۔انہوں نے صنعتی رہنماؤں سے سیکٹر کو مزید مستحکم بنانے کے طریقے وضع کرنے کو کہا ۔
اپنے افتتاحی کلمات میں وزیر خزانہ نے یہاں تک کہ وبا کے دور میں مالی منڈیوں کے ذریعہ لچکداری کا مظاہرہ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
محترمہ سیتارامن نے مارکیٹ شرکاء پر زور دیا کہ وہ کارکردگی اور شفافیت کے لیے کوشش کریں تاکہ مثبت سرمایہ کاری کے لئے نہایت مؤثرانداز میں وسائل بہم پہنچائے جاسکیں۔
وزیر خزانہ نے اس بات پرزور دیا کہ سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مالیاتی منڈی میں بھروسہ اور اعتماد نہایت ضروری ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے ادارہ سازی اور مالیاتی بازار کو مضبوط اور سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ بنانے میں مارکیٹ کے شرکاء کے اہم رول کوبھی اجاگر کیا۔
سرمایہ کاری میں بیداری،کے وائی سی کے ضابطے، میوچل فنڈ تک رسائی، کارپوریٹ بانڈز کی مقبولیت میں اضافہ،مختلف اشیاء کی مدد سے تیار کی جانے والی دیگر اشیاء اورمارکیٹ سسٹم کے مؤثر کن ہونے سے متعلق مختلف خیالات اور تجاویز پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء میں اسٹاک ایکسچینجز، کلیئرنگ کارپوریشنز، ڈپازٹریز، میوچل فنڈ انڈسٹری، اسٹاک بروکریج فرمز، مرچنٹ بینکرز اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے فعال سربراہان شامل تھے۔