نئی دہلی، پوری اہل آبادی کی جلد از جلد ٹیکہ کاری کے مقصد سے مرکز کی مدد سے ملک میں گھریلو ٹیکوں کی پیداوار کے عمل میں مسلسل تیزی لائی جارہی ہے۔
اس اقدام کے تحت بایو ٹیکنالوجی کا محکمہ آتم نربھر بھارت 3.0 مشن کووڈ سرکشا کے تحت تین سرکاری کمپنیوں کی مدد کررہا ہے۔ یہ کمپنیاں ہیں:
- ہیفکائن بایوفارماسیوٹیکل کارپوریشن لمیٹڈ، ممبئی
- انڈین ایمونولوجیکلس لمیٹڈ، حیدرآباد اور
- بھارت ایمونولوجیکلس اینڈ بایولوجیکلس لمیٹڈ، بلندشہر، اترپردیش
ہیفکائن بایوفارما، ریاست مہاراشٹر کا ایک سرکاری ادارہ ہے جو بھارت بایوٹیک لمیٹڈ، حیدرآباد کے ساتھ ٹیکنالوجی منتقلی بندوبست کے تحت کوویکسین ٹیکوں کی پیداوار کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ ٹیکوں کا پروڈکشن کمپنی کے پریل میں واقع کمپلیکس میں ہوگا۔
ہیفکائن بایو فارما کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سندیپ راٹھور نے کہا کہ کمپنی کی تجویز ایک سال میں کوویکسین کی 22.8 کروڑ خوراک تیار کرنے کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کوویکسین کی پیداوار کے لئے ہیفکائن بایو فارما کو مرکز کے ذریعے 65 کروڑ روپئے اور مہاراشٹر حکومت کے ذریعے 94 کروڑ روپئے کی امداد ملی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں 8 مہینے کا وقت دیا گیا ہے اس لئے کام کو جنگی سطح پر انجام دیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر سے آئی اے ایس بنے راٹھور نے بتایا کہ ویکسین کے پروڈکشن کا عمل دو مراحل پر محیط ہے، ایک دوا کے لئے ضروری اشیاء کی تیاری اور دوسرا دوا کی تیاری۔ دوا کی تیاری میں کام آنے والی اشیاء کی تیاری کے لئے ہمیں بایوسیفٹی لیول3 (بی ایس ایل 3) مرکز بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ ہیفکائن میں پہلے سے ہی فل فنش کی سہولت دستیاب ہے۔ بی ایس ایل 3 ایک تحفظاتی معیار ہے جو ایسے مراکز پر نافذ ہوتا ہے جہاں کام میں مائیکروبس شامل ہوتے ہیں جو سانس لینے کی راہ سے جسم میں داخل ہوکر سنگین بیماری کا سبب بن سکتے ہیں۔
بایو ٹیکنالوجی محکمہ کی سکریٹری اور بایو ٹیکنالوجی انڈسٹری ریسرچ اسسٹینس کونسل (بی آئی آر اے سی) کی چیئرپرسن ڈاکٹر رینو سوروپ کہتی ہیں کہ سرکاری شعبے کےاثاثے کا استعمال کرکے ویکسین کی پیداوار کی صلاحیت بڑھانے سے ہمارے ملک میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری مہم کے لئے ٹیکوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کا طویل سفر طے کرنا ہوگا۔
ہیفکائن بایو فارماسیوٹیکل کارپوریشن لمیٹڈ 122 سال پرانے ہیفکائن انسٹیٹیوٹ کی ایک شاخ ہے، جو کہ ملک میں سب سے پرانے بایومیڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں سے ایک ہے اور اس کا نام روس کے ماہر بیکٹیریا ڈاکٹر والڈیمر ہیفکائن کے نام پر رکھا گیا ہے، جنھوں نے پلیگ کا ٹیکہ ایجاد کیا تھا۔
ذرائع:
- بایوٹیکنالوجی محکمہ کا بیک گراؤنڈ نوٹ۔
- ہیفکائن بایوفارما، ممبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سندیپ راٹھور کے ساتھ انٹرویو
ٹی وی نیوز چینلوں / یوٹیوب چینلوں کے لئے پیغام
اے این آئی کے توسط سے ہیفکائن بایوفارما ویڈیو فیڈ دستیاب ہے۔