نئی دہلی، محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش کمار گنگوار نے آج دھنباد میں ڈی جی ایم ایس کے 117ویں یوم تاسیس کے موقع پر کانکنی کے تحفظ کی ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی ایم ایس) کی نوتعمیر شدہ آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے ہندوستان کی کوئلے کی راجدھانی دھنباد کا دورہ کیا اور کانوں کا دورہ کر کے کانکنی کی اصل حقیقت کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے وقتاً فوقتاً کانوں کا دورہ کرتے رہنے کا وعدہ کیا، جبکہ اس سے پہلے گزشتہ 17سال سے کسی بھی وزیرنے دھنباد کا دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے مطلع کیا کہ 44 لیبر قوانین مرتب کر لئے گئے ہیں اور پیچیدہ طریقۂ کار کو آسان بنانے کیلئے صرف چار کوڈز وضع کئےگئے ہیں، جن میں اُجرتوں سے متعلق کوڈ ، صنفی تعلقات سے متعلق کوڈ، سماجی سکیورٹی سے متعلق کوڈ اور کام کی شرط اور صحت اور تحفظ سے متعلق کوڈ شامل ہیں۔
یوم تاسیس کے موقع پر جناب گینگوار نے وہاں جمع لوگوں کو مطلع کیا کہ انہوں نے انڈرگراؤنڈ اور اوپن سیٹ کان کا دورہ کیا اور وہاں کے کام کاج کے طریقے اور ساتھ ہی ساتھ اس سے جڑے جوکھم کو بھی سمجھا۔ انہوں نے کانکنی کے مشکل عمل پر مسلسل نگرانی کرنے کیلئے ڈی جی ایم ایس کی ستائش کی اور انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ کانوں میں کام کرنے والے افراد کے فائدے کیلئے تحفظاتی اقدامات کریں۔
مختلف ٹریڈ یونین لیڈروں اور عوامی نمائندوں اور دھنباد –چندرپور ریلوے لائن کے بند ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپیل کی کہ ایچ پی سی سی کے ذریعے تشکیل کردہ ایک کمیٹی کی جانب سے اس معاملے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور پی ایم او اس پر نگرانی کر رہا ہے۔
جناب گنگوار نے کانکنی مزدوروں ، ٹریڈیونین کے نمائندوں اور کانکنی کے اہلکاروں کے ساتھ بھی ملاقات کی تاکہ کانکنی کے کلچر، کانکنی کے طریقے، تحفظ کی حقیقت اورکانکنی میں پیش آنے والے صحت اور تحفظ کے معاملات کی جانکاری حاصل ہو سکے۔
انہوں نے ‘بولٹر مائنر مشین’ کا بھی افتتاح کیا اور ٹھیکیدار کے مزدوروں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
ٹریڈ یونین کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے واضح طور پر کہا کہ ٹریڈ یونین ہماری آنکھیں ہیں، جو مناسب کارروائی کیلئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے سامنے اصل حقائق پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈی جی ایم ایس ایک ٹیم کے طور پر کام کرے گی اور انسانی زندگیوں کو بچانے کے اچھے مقصد کیلئے سخت محنت کرے گی اور اپنی کوششوں میں کامیاب ہوگی۔
اس موقع پر گر ی دھرااور دھنباد کے ارکان پارلیمنٹ رویندر کمار پانڈے اور پشوپتی ناتھ سنگھ اور وزارت کے سینئر اہلکاروں کے علاوہ ڈی جی ایم ایس کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔