نئی دہلی، مواصلات کے وزیر مملکت(آزادانہ چارج)، جناب منوج سنہا نے آج عمل درآمد ، ٹیکنالوجی، سیکورٹی، انتظامیہ اور دیہی امور کے بارے میں اب تک جاری کئے گئے سرکلروں کا پہلا جامع خلاصہ جاری کرنے کی رسم آج انجام دی۔ جناب سنہا نے کہا کہ ٹیلی کام کی صنعت نے پچھلے ایک عشرے میں زبردست ترقی کی ہے۔ ملک میں بہت سی لائسنس یافتہ کمپنیوں کی وجہ سے لائسنس کی شرائط کی تشریح کے سلسلے میں انہیں سمجھنے اور ان کی وضاحت کے معاملے میں یکسانیت پیدا کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم سرکلروں کو ایک جگہ مرتب کرنا محکمہ ٹیلی کام کے فیلڈ یونٹوں کے لئے بہت فائدے مند ثابت ہوگا، تاکہ وہ طریقہ کار کے بارے میں ضابطوں کو یکساں طورپر سمجھ سکے اور سروس پرووائیڈروں سے ان پر عمل درآمد کراسکیں۔
جناب سنہا نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹیلی کام کے تحت محکمہ ٹیلی کام کے فیلڈ یونٹ پورے ملک میں محکمہ ٹیلی کام کی پالیسیوں اور پروجیکٹوں کی منصوبہ سازی ، نگرانی اور عمل درآمد کے سلسلے میں ایک اہم رول کررہے ہیں۔ انہوں امید ظاہر کی کہ یہ مرتب شدہ دستاویز تمام حصہ داروں اور ٹیلی کام کے شعبے میں کام کرنے والوں کے لئے ایک ناگزیر دستاویز ثابت ہوگی۔
جناب سنہا نے مطلع کیا کہ ٹیلی کام کے محکمے نے لائسنس کے معاہدے ، سی اے ایف کی تصدیق ،ای ایم ایف سے وابستہ معاملات اور لائسنسنگ سے متعلق دوسرے معاملات کے سلسلے میں بہت سے رہنما خطوط جاری کئے ہیں، کیونکہ محکمہ ٹیلی مواصلات کی رسائی ہرریاست تک ہوچکی ہے، اس لئے محکمہ ٹیلی مواصلات کے مختلف یونٹوں کے مابین تعاون قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹیلی مواصلات کے مختلف یونٹوں اور ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کے درمیان فرق کو دور کرنے کے لئے رہنما خطوط کو جامع طورپر مرتب کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جامع خلاصہ اصولوں اور سرکلروں کی تشریح کے سلسلے میں یکسانیت پیدا کرنے میں بہت مدد گار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ٹیلی مواصلات کے ڈائریکٹر جنرل جناب سنیل کمار نے کہا کہ ان سرکلروں کے ایک جگہ مرتب کرنے سے نہ صرف 22 ایل ایس اے کے مختلف شعبوں میں متعین فیلڈ افسروں کو مدد ملے گی، بلکہ فیلڈ یونٹوں نیز محکمے مواصلات کے دیگر یونٹوں کی طرف سے فیصلہ سازی کے عمل میں شفافیت بھی پیدا ہوگی۔ امید ہے کہ اس سے وہ مختلف سروس پرووائیڈر بھی فائدہ اٹھاسکیں گے جو اس کے تحت آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جامع خلاصے سے محکمے مواصلات کے صدر دفتر کے مختلف یونٹوں کی طرف سے جاری کئے گئے رہنما خطوط اور سرکلروں کا فوری طورپر حوالہ مل جائے گا۔ اس کے علاوہ اس سے محکمہ مواصلات کے فیلڈ سے متعلق معاملات کے طریقہ کار کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔