نئی دہلی،۔جون ۔ فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں خطاب جیتنے والے ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا نے آج یہاں کھیل کود اور نوجوانوں کے امور کے وزیر (آزادانہ چارج ) جناب وجے گوئل سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے دورا ن روہن بوپنا نے پیرس گرینڈ سلیم مقابلو ں کے اپنے تجربات وزیر موصوف سے بیان کئے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بنگلورو میں قائم اپنی ٹینس اکیڈمی کے بارے میں بھی جناب وجے گوئل کو بتایا جہاں ٹینس کے 70 ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو تربیت دی جارہی ہے ۔
اس موقع پر جناب وجے گوئل نے کہا کہ سرکار کھیل کود میں مہارت پیدا کئے جانے کے تئیں عہد بستہ ہے اور کھیل کود سے جڑے تمام افراد کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس موقع پر جناب وجے گوئل نے روہن بوپنا کو ان کے کنیڈیائی شراکتدار گیبرئل ڈابروسکی کے ساتھ گرینڈ سلیم ڈبلز مقابلوں میں کامیابی کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے دروازے کھلاڑیوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں اور کھلاڑی اور کوچ حضرات ملک میں کھیل کو د کو مقبول بنانے کے لئے ہفتہ کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے کے دوران اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔