نئی دہلی: انکم ٹیکس کے ڈپٹی کمشنرجناب ڈی کے مینا، جوگجرات کے علاقے میں سریندرنگرمیں تعینات ہیں ، کے خلاف ایک ٹیکس دہندہ کو بغض وعناد کی بنیاد پر کاغذا ت کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں ہراساں کرنے کی ایک شکایت موصول ہوئی ۔ افسرمذکورکے بارے میں مبینہ طورپرکہاگیاہے کہ اس افسرنے ٹیکس دہندہ کے چارٹرڈاکاونٹینٹ کے توسط سے اسسمنٹ کو جانب داری کے ساتھ مکمل کرنے کے لئے غیرقانونی معاوضہ طلب کیا۔ اس سلسلے میں ہوئی بات چیت کی آڈیوریکارڈنگ بھی موصول ہوئی ہے جس میں منجملہ دیگرکوائف کے، محکمہ کے مذکورہ افسرکے ذریعہ معاملے کو رفع دفع کرنے کے لئے رشو ت کے مطالبے کا بھی ذکرہے ۔
ان تمام الزامات کی اصلیت کی تحقیق کی غرض سے سی بی ڈی ٹی کے وجیلنس ڈائرکٹوریٹ نے فوری طورپر کیس کے تمام ریکارڈ منگوالئے ۔کیس ریکارڈس کا جائزہ لینے کے بعد سنگین کوتاہیاں اور بدعنوانیاں روشنی میں آئیں جس سے یہ بات وثوق کو پہنچ گئی کہ افسرمذکورپرلگائے گئے الزاما ت صحیح ہیں ۔ معاملہ زیرتفتیش ہے ۔
محکمہ اس طرح کی غلط کاریوں اوربدعنوانیوں کو قطعاًبرداشت نہیں کرتا۔ تفتیش التوأ میں ہے اورافسرمذکورکو معطل کردیاگیاہے ۔