نئی دہلی، تجارت و صنعت اور ریلویز کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل 14 جولائی 2019 سے برطانیہ کا تین روزہ دورہ کریں گے۔
اپنے دورہ کے پہلے دن تجارت و صنعت کے وزیر ہند نژاد برادری اور ہندستانی تجارتی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ 15 جولائی کو پیوش گوئل لندن میں بھارت –برطانیہ مشترکہ معاشی تجارتی کمیٹی (جے ای ٹی سی او) کی میٹنگ سے خطا ب کریں گے۔ جناب پیوش گوئل جے ای ٹی سی او کے مکمل اجلاس میں اپنا کلیدی خطاب کریں گے۔ وہ بین الاقوامی تجارت کے برطانوی سکریٹری آف اسٹیٹ ڈاکٹر لیام فوکس کے ساتھ میٹنگیں بھی کریں گے۔
ہندستان – برطانیہ کے مابین تجارتی اور معاشی رشتوں کا سالانہ جائزہ جے ای ٹی سی او کے ذریعہ تجارت اور صنعتی وزیر کی سطح پر لیا جاتا ہے۔ اب تک پہلے سے ہی بارہ ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ آخر ی ملاقات 11 جنوری 2018 کو لندن میں ہوئی تھی ۔ ہندستان – برطانیہ جے ای ٹی سی او کا قیام 13 جنوری 2005 کو عمل میں آیا تھا جس کا مقصد اسٹریٹیجک معاشی رشتے کو مزید فروغ دینا اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تجارت کو ترقی دینا ہے۔
پیو ش گوئل یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) امتیازی مرکز کا بھی دورہ کریں گے ۔یہ کالج ہندستانی شراکت داروں کے اشتراک سے آرٹی فیشئل انٹیلی جینس (اے آئی) سے پیدا ہونے والے مواقع کی تلاش میں ہے۔ سر ڈومنک اسکویتھ اور برطانیہ کے تجارتی رہنما تجارت کرنے میں آسانی سے متعلق ہندستان کی پیش رفت پر تجارت و صنعت کے وزیر کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
تجارت و صنعت کے وزیر 16 جولائی 2019 کو لندن میں ہونے والے انڈیا ڈے کانکلیو میں بھی شرکت کریں گے۔ اس پروگرام کی مشترکہ میزبانی حکومت برطانیہ اور سٹی آف لندن کررہے ہیں۔ برطانیہ کے 300 سے زائد وفود اور سینئر بینکاروں ، سی ایف او ، بڑے عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں ، وکلا، بیمہ بروکرس اور فنڈ منتظمین سمیت ہندستان کے مالیاتی شعبوں کے کانکلیو میں حصہ لینے کی امید ہے۔ انڈیا ڈے کا آغاز مارکیٹ اوپننگ تقریب سے ہوگا۔
اس پروگرام سے برطانیہ اور ہندستان کے درمیان مالیاتی خدمات میں پہلے سے موجود نمایاں رشتوں میں مزید مضبوطی آئے گی اور رشتے کے لئے مستقبل میں مواقع دریافت کئےجاسکیں گے۔ اس سے ہندستان اور برطانیہ کے درمیان آئندہ دسویں معاشی اور مالیاتی مذاکرات میں امداد باہمی سے متعلق نئے خیالات پیدا کرنےمیں بھی مدد ملے گی۔
پروگرام کا اہم مقصد سٹی آف لندن کے معروف ترین ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو ہندستان میں سرمایہ کاری کےلئے مواقع دکھانا ہے۔ وہ کلیدی موضوعات جن پر تبادلہ خیال کیا جائے گاان میں برطانیہ-بھارت مالیاتی خدمات کے رشتے ، ہندستان کی ابھرتی معیشت میں مواقع ، مالیاتی خدمات میں اختراع (فن ٹیک) ، دباؤ والے اثاثوں میں سرمایہ کاری ، آلودگی سے پاک بنیادی ڈھانچے کی فائننسنگ میں مواقع ، اختراع میں سرمایہ کاری( نجی ایکویٹی/وینچر کیپٹل) اور فیوچر آف انشورنس شامل ہیں۔
ان دنوں برطانیہ میں تقریباً 800 ہندستانی کمپنیاں کام کررہی ہیں جن میں 104،932 افراد برسرروزگار ہیں۔ یہ کمپنیاں آٹوموٹیو ، ادویہ سازی اور کیمیا جیسی اشیا اور ٹکنالوجی ، انجینئرنگ اور فائننس جیسے شعبوں میں خدمات پر محیط ہیں۔
برطانیہ ہندستان میں تیسرا سب سے بڑا ایف ڈی آئی سرمایہ کار ہے اور وہ ہندستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ سال 2018 میں مجموعی طور پر 13.6 بلین یورو کی تجارت ہوئی ۔ مزید برآں ہندستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت سال 2002 اور 2018 کےدرمیان فی سال 8.8 فی صد کی اوسط شرح سے بڑھی ہے۔