نئی دہلی، خواتین کو با اختیار بنانے کی سمت میں ایک کوشش کے تحت پیٹرولیم اور قدرتی گیس اور ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کے وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے رکشا بندھن کے موقع پر بہنوں کو ’’ہنر مندی کا تحفہ دینے ‘‘ کی قوم سے اپیل کی ہے ۔
ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب دھرمیندر پردھان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں درج ذیل اپیل کی۔
رکشا بندھن کے مقدس دن پر میری خواہش ہے کہ پیار اور اعتماد کے بندھن دائمی طور پر ہم سب کو باندھے رہیں ۔ رکشا بندھن محض ایک رسم نہیں ہے بلکہ یہ بہنوں کو تحفظ دینے کا ایک مقدس وعدہ ہے اور زندگی کی غیر یقینی صورتحال سے انہیں محفوظ رکھنا ہے۔ بدلتے دور کے ساتھ بہنوں کے تحفظ کا کیا مطلب ہوتا ہے اس تعلق سے ہمیں دوبارہ غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔ بہنوں کے تحفظ کا مطلب انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانا ، انحصاری کے دائرے سے انہیں باہر نکالنا اور انہیں ہنر مندی کا تحفہ دینا ہے ۔ حالانکہ خواتین ہمیشہ سے معیشت میں اپنا رول ادا کر رہی ہیں، تاہم معیشت کے اعداد و شمار میں ان کے تعاون کو شامل نہیں کیا جاتا۔یہی وجہ ہے کہ ان کا کام دکھائی نہیں دیتا ۔
آج میں آپ سے ایک اپیل کرتا ہوں اپنے بہن کو اس سال اشیاء تحفہ میں دینے کے بجائے انہیں ہنر مندی کا تحفہ دیں۔ ہنر مندی کے پروگرام میں ان کے اندراج کے لئے انہیں فیس دیں ۔ ہنر مندی کے کونسلنگ مرکز میں انہیں لے جائیں۔ آج کل نجی اور سرکاری شعبوں دونوں میں متعدد مواقع ہیں۔ ان مواقع کو دریافت کرنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے جذبے کو تلاش کریں۔ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ وہ با وقار زندگی گزار سکیں۔ آج ذمہ داری کا ایک مشن شروع کریں جو کہ صرف آپ کے کنبے کی بہنوں کے لئے سچ ثابت نہیں ہونا چاہئے بلکہ یہ اس بہن کے لئے بھی سچ ثابت ہونا چاہئے جو آپ کی گھریلو خادمہ ہیں، جو آپ کے ڈرائیور کی بیوی ہے، جو آپ کو سبزیاں فروخت کرتی ہے۔ آپ انہیں علم ، امید اور امکانات کا تحفہ دیں۔
نئے بھارت ، جس کا خواب عزت مآب وزیراعظم جناب نریندر مودی جی نے دیکھا ہے ، اس میں خواتین کو معاشی ترقی سے متعلق ہماری جستجو کے مرکز میں رکھا گیا ہے ۔ آیئے ہم ایک ایسے ہنر مند ، با صلاحیت اور خود کفیل ورک فورس کی تشکیل کیلئے ایک ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔جو ہماری بہنوں کو پیش پیش رکھے۔ اس رکشا بندھن پر اپنی بہن کو ہنر مندی کا تحفہ دیں اور اس کو تحفظ عطا کریں۔
Link: https://twitter.com/dpradhanbjp/status/1032911714617053184