نئی دہلی، کابینہ کی تقرری کمیٹی نے معروف سائنس داں اور وزیر دفاع کے سائنسی مشیر (رکشا منتری کے سائنٹفک ایڈوائزر) ڈاکٹر جی ستیش ریڈی کو دفاعی تحقیق و ترقیات کے محکمے کا سکریٹری (ڈی ڈی آر اینڈ ڈی) اور دفاعی تحقیق و ترقیات ادارے (ڈی آر ڈی او) کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔
ڈاکٹر ستیش ریڈی دیسی ڈیزائن متنوع میزائل اور کلیدی نظام، گائیڈیڈ اسلحہ جات، مختلف النوع ٹیکنالوجیوں کے معاملے میں اپنے تعاون کے لئے مشہور و معروف رہے ہیں اور انھوں نے ایرو اسپیس ٹیکنالوجیوں اور بھارت میں صنعتوں کی ترقی میں ہمہ گیر کوششیں کی ہیں۔
موصوف نے جے این ٹی یو اننت پور سے الیکٹرانکس اور کمیونکیشن انجینئرنگ میں گریجویٹ ڈگری حاصل کی تھی اور ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی ڈگری جے این ٹی یو حیدرآباد سے حاصل کی ہے۔ انھوں نے 1986 میں دفاعی تحقیق و ترقیات تجربہ گاہ ڈی آر ڈی او حیدرآباد میں شمولیت اختیار کی تھی اور بعد ازاں ریسرچ سینٹر امارات (آر سی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی تھی، جو ڈاکٹر عبدالکلام کی دین تھا۔ ایک نوجوان نیوی گیشن سائنٹسٹ اور سسٹم مینیجر کے طور پر انھوں نے بڑی مستحکم ترقی حاصل کی اور متعدد اہم عہدوں پر فائز ہوتے رہے اور دفاعی تحقیق و ترقیات میں اچھا خاصا تعاون دیتے رہے۔ ستمبر 2014 میں انھیں ممتاز سائنس داں کا درجہ حاصل ہوگا اور مئی 2015 میں وزیر دفاع کے سائنسی مشیر مقرر ہوئے۔