نئی دہلی۔ نائب صدر جمہوریہ جناب وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر کلام نے ہندوستان کے دفاعی اور خلائی نظام کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے 86 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد تقریب کے حصے کے طور پر ‘صاف اور سر سبز و شاداب ہندوستان’ ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کے موقع پر نائب صدر جمہوریہ عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ایک کشتی بنانے والے کے فرزند تھے جس نے اپنے خاندان کی مدد کے لئے اپنے بچپن میں اخبار تقسیم کرنے کا کام کیا تھا۔ ان کی زندگی کا سفر ناقابل فراموش ہے ۔ وہ اپنی جد و جہد اور جانفشانی اور خود اعتمادی کے باعث ہندوستان کا پہلا شہری بن گیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ‘عوام کے صدر’ نے ہمیشہ اسکول کے طالب علموں اور نوجوانوں کو ‘ خواب دیکھنے اور آسمان کو چھونے کی ترغیب دی ۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ صدر جمہوریہ ہند کے پروقار عہدے پر پہنچنے کے باوجود ڈاکٹر کلام ہمیشہ زندگی بھر سادہ اور شائستہ رہے اور جو ان کے ساتھ کام کرتے تھے یا ان سے واقف تھے، ان کے عہدے اور پس منظر سے قطع نظر ان سب کے ساتھ ہمیشہ محبت اور گرمجوشی سے ملتے تھے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر کلام سے کئی مواقع پر ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ کی گئی بات چیت ان کے لئے سیکھنے کا ایک تجربہ ہوتا تھا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر کلام کا ویژن 2020 ہندوستان کو مکمل طور ایک ترقی یافتہ ملک کی طرز پر ڈھال ہوتے دیکھنا تھا اور انہیں یقین تھا کہ لوگوں کی صلاحیت ، لگن اور محنت کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کے لئے یہ حیثیت حاصل کرنا مشکل نہیں ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ ‘مضبوطی ہی مضبوطی کا احترام کرتی ہے’ اور وہ ہندوستان کو ایک معروف اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرتے ہوئے دیکھنا چاہتے تھے۔