نئی دہلی، ماحولیات، جنگلات ، اور آب و ہوا میں تبدیلی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سبھی فریقوں کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ فضائی آلودگی سے نمٹیں اور اس سلسلہ میں ضروری تعاون فراہم کریں۔ مرکزی وزیر نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ اگلے سال ایک منظم ڈھنگ سے فضائی آلودگی سے نمٹا جائے گا۔ آج یہاں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس بات کو دوہرایا کہ قومی راجدھانی خطے کے وزرا کے ساتھ مستقل میٹنگیں کرنے سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکے گا کہ بنیادی سطح پر تمام سرگرمیوں کی نگرانی جاری رہے گی اور ان سرگرمیوں کی بہت گہرائی سے مانیٹرنگ کی گئی ہے۔
دہلی کے وزیراعلی جناب اروند کیجریوال نے کہا کہ تمام وسائل کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن سے دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی حکومت فضائی آلودگی میں مدد کرنے میں تمام ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔
میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں ہوا کا معیار 2016کے مقابلے کافی بہتر ہے۔ 2017 میں اچھے ا ور سکون کے دن 151 رہے۔ جبکہ 2016 میں اچھے اور سکون کے دن 109 تھے۔ میٹنگ میں کچھ فیصلے بھی کئے گئے جن میں دھول بھری آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے سخت اقدامات بھی شامل ہیں۔ بڑی تعمیراتی جگہوں سے آنے والی دھول کی گہرائی سے نگرانی ہوگی اور کسی بھی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹا جائے گا۔ میکنکل طریقے سے صفائی کرنے کے دائرہ کو بڑھانے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈیز) کو تمام ممکنہ امدا د فراہم کی جائے گی۔
ٹھوس کچرے کے ڈھیر والے مقامات سے نکلنے والی آگ کو فوری طور پر نمٹا جائے گا۔ آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سائنس اور ٹکنالوجی کے محکمہ کے مشورہ سے اختراعی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری کی سربراہی میں ٹاسک فورس جلانے کے بعد رہ جانے والے ڈھیر کے مسئلے کی جانچ کررہی ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایک ایکشن پلان اگلے ایک ماہ میں تیار کرلیا جائے گا۔ دہلی پولیس سے بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ دہلی میں ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ اور پارکنگ کےمسئلے سے نمٹے۔
آلودگی کو کنٹرول کرنے والے بورڈز اس بات کو یقینی بنانے کے لئے بہت سرگرمی کے ساتھ کام کریں گے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔ جنوری 2018 میں 15 دن کے لئے آلودگی کی روک تھام کی ایک خصوصی مہم شروع کی جائے گی جہاں تمام ایجنسیوں کے ذریعہ فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کےلئے ٹھوس کارروائی کی جائے گی۔
آج کی میٹنگ میں دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال ، دہلی سرکار کے پی ڈبلیو ڈی کےوزیر ستیندر جین ، اترپردیش حکومت کے ماحولیات کے وزیر دارا سنگھ چوہان ، ہریانہ سرکار کے ماحولیات کے وزیر وپل گوئل ، راجستھان حکومت کے ماحولیات سکریٹری اور پنجاب حکومت کے آلودگی کی روک تھام کے بورڈ کے چیئرمین اور دہلی ، پنجاب، ہریانہ، اترپردیش کے ساتھ ساتھ سی پی سی بی کے سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔