نئی دہلی، صحت اور خاندانی بہبود ، سائنس و ٹکنالوجی اور زمینی سائنس کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج چنڈی گڑھ ، پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش کے 13 مختلف مقامات پر بہت سے خون عطیہ کیمپوں کا افتتاح کیا۔ یہ افتتاح خزانے اور کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت جناب انوراگ ٹھاکر کی موجودگی میں ایک ویبینار کے ذریعے کیا گیا۔
خون عطیہ کیمپوں کا انعقاد کومپٹینٹ فاؤنڈیشن کے ذریعے مختلف ایسوسی ایشنوں ، غیر سرکاری تنظیموں اور بلڈ بینکوں کی مدد سے کیا۔ ان خون عطیہ کیمپوں کا انعقاد کووڈ وبا کی وجہ سے خون کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے صحت کے مرکزی وزیر نے فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا کہ اس نے کووڈ وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی خون کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے زیادہ مستحکم اور وسیع انداز میں خون عطیہ کیمپوں کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنے والے کو کئی فائدے ہوتے ہیں جبکہ پوری انسانیت کے لیے یہ ایک بڑی مدد بھی ہے۔ اس عظیم مقصد کے لیے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سال میں ایک بار کم سے کم اپنے یوم پیدائش پر خون کا عطیہ دیں۔ کیونکہ یہ انسانیت کی ایک بڑی مدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نظریے سے خون کا عطیہ کرنا قابل احترام مقدس جگہوں پر جانے سے زیادہ بہتر ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جنوری 2021 میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع کی تھی جسے اب مزید تیز رفتار بنایا جا رہا ہے جیساکہ نوجوانوں کے ٹیکہ لگانے کا کام یکم مئی سے شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2021 میں ملک اس عالمی وبا کو شکست دینے کے لیے مزید تجربے کے ساتھ ذہنی اور جسمانی طور پر اور بہتر طریقے سے تیار ہے۔ انہوں نے اس حقیقت کو سراہا کہ یہ خون عطیہ کیمپ سبھی کووڈ پروٹوکول رہنما خطوط اور ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے قائم کیا گیا ہے۔
کومپٹینٹ فاؤنڈیشن کے صدر، جناب سنجے ٹنڈن نے کہا کہ اس سال فاؤنڈیشن نے کووڈ وبا کے دوران خون کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے پیش نظر چنڈی گڑھ ٹرائی سیٹی سے باہر مختلف علاقوں میں 13 مختلف مقامات پر خون کے عطیہ کیمپ کا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا وبا کے دوران خون کا عطیہ اور زیادہ اہم ہوگیا ہے کیونکہ اس بڑھتے ہوئے بحران کے دوران خوان کی فراہمی انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔ لہذا نہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اس عظیم مقصد کا حصہ بننے کا مطالبہ کیا ہے۔