نئی دہلی، ،مواصلات کے وزیر جناب منوج سنہا نے ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے شوق کو فروغ دینے کے مقصد سے آج یہاں اسکولی طلبا کے لئے دین دیال اسپرش یوجنا نامی ایک کل ہند اسکالر شپ پروگرام کی شروعات کی۔ اسپرش(اسکالر شپ فارپرموشن آف اپٹی ٹیوڈ اینڈ ریسرچ ان اسٹامپس ایز اے ہابی ) اسکیم کے تحت چھ سے نویں کلاس کے ان طلبا کو سالانہ اسکالر شپ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جن کا تعلیمی ریکارڈ اچھا ہو اور جو مشغلہ کے طور پر ڈاک ٹکٹ جمع کررہے ہیں ۔ اس اسکالر شپ کے لئے تمام ڈاک سرکل میں مسابقتی سلیکشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں منوج سنہا نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ان طلبا کو 920 اسکالر شپ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جنہیں ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کا شوق ہو۔ ہر ایک ڈاک سرکل زیادہ سے زیادہ 40 اسکالر شپ کا انتخاب کرے گا جس میں چھ ، سات ، اٹھ اور نویں کے طلبامیں سے ہر ایک سے دس طلبا کی نمائندگی ہوگی۔ اسکالر شپ کی یہ مقدار سالانہ چھ ہزار روپے جبکہ فی ماہ پانچ سو روپے ہوگی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اس اسکالر شپ کے حصول کے لئے یہ شرط ہے کہ بچہ بھارت کے کسی تسلیم شدہ اسکول کا طالب علم ہو اور متعلقہ اسکول میں ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کا کلب(فلیٹلی کلب) ہو اور امیدوار اس کلب کا رکن ہو۔ بالفرض، اگر اسکول میں ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کا کوئی کلب نہ ہو وتو وہ طالب علم جس کا اپنا فلیٹلی ڈپازٹ اکاؤنٹ ہو اس کے نام پر بھی غور کیا جائے گا ۔ ہر وہ اسکول جو مسابقہ میں شرکت کا خواہش مند ہے ، اسے ایک فلیٹلی معلم دیا جائے گا اور اس کا انتخاب مشہور فلیٹلشٹ میں سے ہوگا۔ فلیٹلی معلم اسکولی سطح پر فلیٹلی کلب کے قیام میں مدد کرے گا، نوجوان اور متمنی فلیٹلشٹ کو اس بات کے لئے رہنما ئی کرے گا کہ اس مشغلے کو کیسے جاری رکھا جاسکتا ہے اور اسی طرح سے آرزومند فلیٹلشٹ کو ان کے فلیٹلی پروجیکٹ میں بھی مدد کرے گا۔
جناب سنہا نے کہا کہ دین دیال اسپرش اسکیم کے تحت سلیکشن کا عمل ڈاک سرکل کے ذریعہ کرائے گئے فلیٹلی کوئیز میں فلیٹلی اور کارکردگی سے متعلق پروجیکٹ ورک کا جائزہ لینے کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ اس اسکیم کی تفصیلات درج ذیل ویب سائٹ www.postagestamps.gov.in اور www.indiapost.gov.in پر دسیتاب ہیں۔
فلیٹلی ڈاک ٹکٹوں کے جمع کرنے کا ایک مشغلہ ہے۔ اس کا مطلب ڈاک ٹکٹوں کو جمع کرنا اور ان پر تحقیقی کام کرنا بھی ہے۔ فلیٹلی کو مشغلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے کیونکہ مشغلہ کے طور پر ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے بے انتہا تعلیمی فوائد ہیں۔ اس سے جس دور میں ڈاک ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے اس دور کی سماجی ، معاشی اور سیاسی حقیقت کے بارے میں ہمیں بہت کچھ پتہ چلتا ہے اور اسی طرح سے جس موضوع پر ڈاک ٹکٹ جاری کئے جاتے ہیں اس سے ہم متعارف ہوتے ہیں۔