نئی دہلی، مکانات اور شہری امور کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ حکومت نے شمال مشرقی ہندوستان کو مستحکم کرنے کے لئے سرگرم ایکٹ ایسٹ پالیسی (مشرق نواز پالیسی) نافذ کی ہے اور ہمہ جہت رابطے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بناکر خطے کو الگ تھلک ہونے سے بچایا ہے۔ حکومت نے چین، بھوٹان، بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد سے لگنے والے ہندوستان کے شمال مشرقی خطوں کی ترقی کے لئے تقریباً 45 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔جناب ہردیپ سنگھ پوری آج گوہاٹی میں آسام حکومت اور نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کے درمیان دوہرے ٹاور ٹریڈ سینٹر پر مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔
اس تقریب میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب پوری نے بتایا کہ گوہاٹی ان 100 اسمارٹ شہروں میں سے ایک ہے،جسے ملک کے شہری ڈھانچہ میں دوبارہ ڈھالنے کی ایک پرعزم کوشش کے لئے چنا گیا ہے۔یہ نارتھ ایسٹ انڈیا کے لئے ایک علاقائی مرکز کے طورپر قائم کیا جارہا ہے اوریہ مجوزہ دوہرا ٹاور ٹریڈ سینٹر یقینی طورپر اس تغیراتی منصوبے میں اضافہ کرے گا۔میں اس ٹریڈ سینٹر کے امکانات اور توقعات سے کافی پرجوش ہوں ، جو ہمیں جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں سے جوڑے گا اور ایک بڑا تجارتی مرکز بنے گا جس سے اقتصادی بین رابطوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس ویژن کو اسی وقت پورا کیا جاسکتا ہے جب ہم اپنی طرف سے بہترین کوشش کا ارادہ کریں اور صحیح فیصلے کریں اور ایسی پالیسیاں اپنائیں جو اس سوچ کو پورا کرنے کے لئے سازگار ماحول تیار کریں۔ انہوں کہا کہ میں اس بات سے واقف ہوں کہ این بی سی سی جومیری وزارت میں آتا ہے پوری طرح ٹیکنالوجی، تکنیکی صلاحیت، ڈیزائن سے پوری طرح لیس ہے۔انہوں نے مزید کیا کہ آسام کی حکومت وقت پر پروجیکٹ کی مساوی ترقی کے لئے سرگرمی کے ساتھ کام کرے گی۔