نئی دہلی، ،محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش کمار گنگوار نے آج نئی دہلی کے بسئی دارا پور میں ای ایس آئی سی کے ماڈل اسپتال اور پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ایس آر) میں سوچھتا ہی سیوا مہم میں شرکت کی۔
جناب گنگوار نے اعلان کیا کہ 29 اضلاع میں ڈسپنسری و برانچ آفس (ڈسی بی او ) شروع کی جارہی ہیں اور رفتہ رفتہ انہیں پورے ملک میں توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ضلع میں بنیادی صحت خدمات کی موجودگی کے لئے ڈی سی بی او قائم کی جائیں گی ، چاہے اس علاقے میں پہلے ہی سرکاری ڈسپنسری موجود ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی سی بی او ڈسپنسری اور برانچ آفس دونوں کا کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ دونوں الگ الگ یونٹ ہوتے ہیں لیکن ڈی سی بی او کے معاملے میں یہ ایک یونٹ کے طور پر کام کریں گے ، جس میں مریض کے لئے خدمات اور ادائیگی کے فوائد ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے اور ڈی سی بی او کے مریضوں کو دوائیں فراہم کی جائیں گی۔ ڈی سی بی او انشورنس میڈیکل پریکٹشنر (آئی پی ایم) اور ایمپلائر یوٹی لیٹی ڈسپنسری (ای یو ڈی ) کے ذریعے بھیجے گئے مریضوں کو دوائیں تقسیم کریں گے اور ثانوی دیکھ بھال کے لئے ریفر کریں گے، پینل پر موجود دوائیں فروخت کرنے والے مراکز کے بلوں کی ادائیگی کریں گے اور آئی پی ؍ ایمپلائر کو آئی پی مدد فراہم کریں گے۔ یہ فیض حاصل کرنے والوں کے بلوں کے دعووں کے لئے ادائیگی کریں گے۔ اس کے علاوہ لیباریٹریز کے بلوں ، دواؤں وغیرہ کے لئے ادائیگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی بی او کو چلانے اور ان کے قیام کے تمام اخراجات ای ایس آئی سی کے ذریعے برداشت کئے جائیں گے اور متعلقہ ریاست کو اس مد میں کوئی اخراجات کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جناب گنگوار نے بتایا کہ اب ای ایس آئی سی کا موبائل ایپ ’’چنتا سے مُکت‘‘ حکومت ہند کے اُمنگ پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔
محنت اور روزگار کی وزارت ، ای ایس آئی سی کے عہدیداروں ، انشورنس کے افراد اور ای ایس آئی اسکیم سے فیض حاصل کرنے والوں اور دیگر متعلقہ افراد نے سوچھتا ہی سیوا تحریک میں حصہ لیا۔ وزیر موصوف نے صفائی ستھرائی کی اہمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ جناب گنگوار نے پودے بھی لگائے اور ای ایس آئی سی اسپتال کا چکر لگایا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔