نئی دہلی، اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) اور کھیل کود اور نوجوانوں کے امور کے وزیر مملکت کرنل راجیہ وردھن راٹھور ( سبکدوش ) نے آج یہاں امیزن الیکسا اسمارٹ اسپیکرس پر آل انڈیا ریڈیو کی اسٹریمنگ خدمات کا آغاز کیا ۔ پرساربھارتی کے چیئرمین جناب اے سوریا پرکاش ، پرسار بھارتی کے سی ای او ڈاکٹر ششی شیکھر ویمپتی ، جناب راجیو ساہنی ، امیزن الیکسا ( ایشیا ) کے پرنسپل ٹیکنیکل بزنس ڈیولپمنٹ اور وزارت کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب کرنل راٹھور نے کہا کہ امیزن الیکسا جیسی خدمات نے ایک انسان کی زندگی کو آسان بنا دیا ہے ۔ امیزن الیکسا پلیٹ فارم سے آل انڈیا ریڈیو کی اسٹریمنگ کے آغاز کے ذریعے پرانے اور نئے مواصلاتی طریقوں اور شکلوں میں ایک ہم آہنگی پیدا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل قدمی پوری دنیا میں مقیم بھارتی برادری کو فائدہ پہنچائے گی ۔ اب کوئی بھی دنیا کے کسی حصے سے آل انڈیا ریڈیو کے پروگرام سن سکے گا ۔
جناب سوریا پرکاش نے مطلع کیا کہ آل انڈیا ریڈیو کے آرکائیول اثاثوں کو بھی الیکساپلیٹ فارم پر مستقبل میں فراہم کرایا جائے گا ۔
جناب راجیو ساہنی نے کہا کہ آواز ، مواصلات کا مستقبل ہے اور یہ ہمارے ارد گرد کے آلات کے توسط سے ہی ممکن ہو سکے گا ۔ آواز ہر جگہ ہے اور دنیا بھر میں پہلےہی 390 ملین افراد آواز پر مبنی مواصلات کا استعمال کر رہے ہیں اور آئندہ تین برسوں میں یہ تعداد تقریباً تین گنا یعنی 1.83 بلین افراد تک پہنچ جائے گی ۔