نئی دہلی، بنگال کیمیکلز و فارما سوئیٹکل لمیٹڈ (بی سی پی ایل) نے ، جو کیمیاوی مادوں اور کیمیاوی کھادوں کی وزارت کے تحت ایک عوامی شعبے کی صنعت ہے، کووڈ – 19 وبا کے پھیلنے کے بعد سے کئی گنا بڑھی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے پیداوار کی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ اس نے ایک ہی دن میں فنائل کی 51 ہزار 960 بوتلیں تیار کرکے ابھی تک کا سب سے بڑا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا مغربی بنگال میں شمالی 24 پرگنہ یونٹ بی سی پی ایل پانی ہٹی کو جاتا ہے۔
کیمیاوی مادوں اور کیمیاوی کھادوں کے مرکزی وزیر جناب ڈی وی سدانند گوڑا نے کمپنی کی انتظامیہ اور ملازمین کو ابھی تک کی سب سے زیادہ پیداوار کا ریکارڈ قائم کرنے کے شاندار کام پر مبارک باد دی ہے۔
بی سی پی ایل کے ڈائریکٹر (مالیات) جناب پی ایم چندریا نے کہا ’’ بی سی پی ایل کی 120 سالہ تاریخ میں یہ ابھی تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ جولائی 2020 میں ہم نے ایک دن میں فنائل کی 38 ہزار بوتلیں تیار کی تھیں۔ ایک ہی مہینے میں کمپنی نے اس میں مزید اضافہ کیا اور اب کمپنی ایک دن میں فنائل کی 50 ہزار سے زیادہ بوتلیں تیار کرسکتی ہے۔ 23 اگست 2020 کو 51 ہزار 960 بوتلیں تیار کی گئی تھیں‘‘۔
بی سی پی ایل نے کہا کہ وہ کووڈ – 19 وبا سے پہلے روزانہ 15 ہزار بوتلیں تیار کیا کرتی تھی۔ ’’ فنائل کی ماہانہ فروخت تین سے ساڑھے تین کروڑ روپے تک کی تھی۔ کووڈ -19 وبا کے بعد سے یہ پیداوار ساڑھے چار کروڑ روپے سے 6 کروڑ روپے کے درمیان ہوگئی، جو اس فنائل کی بہت بڑی مانگ کا واضح اشارہ ہے‘‘۔
ملازمین سبھی اتوار اور چھٹیوں کے دنوں میں کووڈ -19 وبا کی صورت حال کے باوجود 20 اکتوبر (پوجا کی چھٹیوں) تک دو شفٹوں میں کام کریں گے تاکہ صفائی ستھرائی سے متعلق فنائل کی بہت بڑی مانگ کو پورا کیا جاسکے۔
بنگال کیمیکلز و فارما سوئیٹکل لمیٹڈ بھارت کی وہ پہلی دوا ساز کمپنی ہے، جو بہت سے گھریلو ، اور صنعتی مصنوعات تیار کرتی ہیں۔