نئی دہلی: ایک انقلابی اقدام کے تحت جس کا مقصد اسکولی بچوں میں فٹنیس کی عادت کو پیداکرنا ہے ، سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس ای) فٹ انڈیا موومنٹ کے حصہ کے طورپرنومبر کے دوسرے اورتیسرے ہفتے میں فٹنیس ہفتہ منانے جارہاہے ۔ فٹنیس ہفتہ کامقصد اسکولی بچوں میں ‘‘غیرفعال اسکرین پروقت ’’ خرچ کرنے کے مقابلے انھیں ‘‘ میدان میں سرگرم وقت ’’ خرچ کرنے ،انھیں کمپیوٹراسکرین سے دورکرکے کھلے میدانوں میں لانے کے لئے ان کے رویوں میں تبدیلی لاناہے ۔ اپنی نوعیت کی یہ پہلی کوشش ہے جس کے تحت ملک بھرسے 22ہزارسی بی ایس ای اسکولوں کی شمولیت ہوگی ۔
اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور اورکھیلوں کے مرکزی وزیر( آزادانہ چارج ) جناب کرن رجیجونے کہاکہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ سی بی ایس ای نے اپنے الحاق شدہ تمام اسکولوں میں فٹنیس ہفتہ منانے فیصلہ کیاہے ۔ عزت مآب وزیراعظم کا فٹ انڈیا موومنٹ کے تئیں جو ویژن ہے ، اس کے لحاظ سے یہ وقت کی ضرورت ہے اورہمیں تمام ہندوستانیوں میں ان کے ابتدائی عمرسے ہی فٹنیس کی عادت ڈالنے کی کوشش کرنی چاہیئے ۔ کھیلوں کی وزارت تمام ریاستی حکومتوں کے تعلیمی محکموں کے ساتھ گفت وشنید کررہی ہے اورہم نومبر کے آخری ہفتے میں ملک بھرکے تمام اسکولوں میں فٹنیس ہفتہ منانے کے منصوبے کو جلد ہی حتمی شکل دینے والے ہیں ۔
فٹنیس ہفتہ کے دوران چھ دن پرمشتمل اس وسیع پروگرام میں بچوں کی جسمانی اورذہنی فٹنیس ضروریات دونوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور یوگا ، فری ہینڈ جیسے جسمانی مشقوں کے روایتی طریقے سے ہٹ کراس میں ڈانس ، ایروبکس اور گارڈننگ جیسے فٹنیس کی دلچسپ شکلیں شامل کی گئی ہیں ۔ ہرایک ریاست کے ملکی کھیل جیسے گجرات سے کاوری ، تمل ناڈو سے سلمبا ، جموں وکشمیر سے بانٹے ، پنجاب سے گلی ڈنڈا، اورکیرلاسے پمبارم وغیرہ بھی بچوں کے فٹنیس نظام میں شامل کئے جائیں گے ۔ کھیلوں کے سائیکالوجسٹ کے ذریعہ لیکچرزبھی شامل کئے گئے ہیں تاکہ بچوں کو ان کی کردارسازی میں کھیلوں کی اہمیت سے واقف کرایاجاسکے ۔ والدین اوراساتذہ ایک دوسرے کے ساتھ اورطلباء کے ساتھ ملکی کھیل کھیلنے میں ایک دوسرے سے مسابقہ آرائی کریں گے اور ہفتے کے دوران ہرایک اسکول میں انجام دی جانے والی فٹنیس سرگرمیوں میں حصہ بھی لیں گے ۔
سی بی ایس ای نے کھیلوں انڈیا موبائل ایپ کا استعمال کرکے 5سال کی عمرسے لے کر 16سال کی عمرکے طلباء کی فٹنیس سطحوں کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیاہے ۔ اس ایپ کو اسپورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے تیارکیاہے ۔ ایپ میں مختلف عمرگروپوں کے لئے فٹنیس ٹیسٹ شامل ہیں جو لچک ، بنیادی طاقت اورطلباء کی چستی جیسے پہلووں کا پتہ لگانے میں مدد کرتے ہیں ۔ اس کے بعد ان اسکورز کو ان طلبا کی شناخت کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے جن کے پاس پیشہ ورانہ سطح پر کھیلے جانے کا امکان ہے۔