نئی دہلی، کھیلوں کے وزیر جناب کرن رجیجو نے نے بڈاپیسٹ گرانڈ سلیم کے لئے ہنگری روانگی سے قبل ہندوستانی جوڈو ٹیم کے ارکان سے اپنی رہائش گا پر ملاقات کی۔ اکتوبر 23 اور اکتوبر 25 کے درمیان منعقد کئے جانے والے ان کھیلوں میں اولمپک کی اہلیت کے لئے شرکت کی جاتی ہے۔اس ٹیم میں پانچ جوڈو کھلاڑی اور کوچ جیون شرما شامل ہیں۔
کھیلوں کے وزیر نے ٹورنامنٹ میں اس ٹیم کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ 2024 اور 2028 کے اولمپکس کے لئے ایک مضبوط باصلاحیت کھلاڑیوں کا پول تیار کرنےکے لئے تیاریاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ ٹیم آج ہنگری کے لئے روانہ ہورہی ہے اور مجھے امید ہے کہ اس میں کچھ اتھلیٹ کامیاب ہوں گے۔ جوڈو ہمارے لئے ایک ترجیح والا کھیل ہے اور ہم تربیت سہولتوں اور کوچز دونوں کے معاملے میں اپنی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔ ہم نوجوان ایتھلیٹس کا ایک ایسا باصلاحیت پول تیار کرنے کے لئے پوری مدد فراہم کریں گے جو 2024 اور 2028 کے اولمپکس میں مقابلہ کرسکے۔ ہم فیڈریشن کے ساتھ مزید مفصل نقش راہ اور آئندہ منصوبے پر بات چیت کریں گے‘‘۔
کورونا وائرس عالمی وبا کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کے بعد سے یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے جس میں ہندوستانی جوڈو کھلاڑی شرکت کریں گے۔ کورونا عالمی وبا کی وجہ سے تربیت اور بین الاقوامی ہوائی سفر ملتوی کردیئے گئے تھے۔ جسلین سنگھ سینی عالمی سطح پر مردوں کے جوڈو میں 56 ویں نمبر پر ہیں اور آئندہ سال کے اولمپک میں ان کی کامیابی کے اچھے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے کے وزیر سے ملاقات کرکے بہت اچھا لگا ہے۔ انہوں نے ہم سے بات کی اور ہمیں معلومات بھی فراہم کرائی جو کہ حقیقت میں بہت مددگار ہے۔ جوڈو کی پوری برادری کی طرف سے میں کھیلوں کے وزیر ، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور جوڈو فیڈریشن آف انڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے لئے یہ انتظام کیا‘‘۔
اس ٹورنامنٹ میں تقریباً 81 ملکوں کے تقریباً 645 کھلاڑی شرکت کریں گے اور ہندوستانی ٹیم کورونا کی وجہ سے اتنی مدت کے بعد کھیلوں میں واپس شرکت کرنے پر جوش و خروش میں ہیں۔ خواتین جوڈو کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ رینک والی سشیلا دیوی جو کہ دنیا میں 41 ویں نمبر پر ہیں اور اولمپک میں کامیابی کے لئے پرامید بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’پہلی بار ہم نے کھیلوں کے وزیر سے ملاقات کی ہے اور وہ ہندوستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بہت کچھ کررہے ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی سے ہمیں بہت تحریک ملی ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد ایک بار پھر کھیلوں میں شرکت کرنا بہت اچھا ہے اور میں ایس اے آئی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں ہماری شرکت کے لئے مدد کررہے ہیں۔ ہم ان کھیلوں میں پورے جی جان سے کوشش کریں گے‘‘۔
کھیلوں کے وزیر سے ملاقات کرنے والے جوڈو کے دیگر کھلاڑیوں میں تلیکا مان ، اتوار سنگھ اور وجے یادو شامل ہیں۔