وزارت آیوش کے ماتحت کام کرنے والے ادارہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچرو پیتھی( این آئی این)، پونہ 2 اکتوبر 2020 سے مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کی تقریبات کے موقع پر اپنی صحت آپ کے گاندھی کے فلسفے پر سلسلے وار ویبناروں کا انعقاد کرے گا۔ یہ سلسلہ نیچرو پیتھی کی قومی دن یعنی 18 نومبر 2020 تک جاری رہے گا۔
ان ویبناروں کے ذریعہ لوگوں کو اپنے آس پاس آسانی سے دستیاب نیچرو پیتھی کے وسائل کے ذریعہ خود اپنی صحت کی ذمہ داری قبول کرنے کا پیغام دینے کی کوشش کی جائے گی۔ اس پروگرام کامقصد نمائش کے ذریعہ نیچرو پیتھی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔لائیو چیٹنگ اور ماہرین کے ساتھ گفتگو کے ذریعہ فیڈ بیک سیشن کو مضبوطی بخشی جائے گی۔
ورچوول پروگرام طبعی سرحدوں کو کھولیں گے اور ان میں ملک بھر سے اور بیرون ملک سے بھی لوگوں کے شریک ہونے کی امید ہے۔صحت اور تندرستی کے بارے میں گاندھی جی کے خیالات کو پھیلانے کی خاص کوشش کی جائے گی، جن کی اہمیت کووڈ۔19 کے دور میں مزید بڑھ گئی ہے۔ گاندھی جی کا ماننا تھا کہ ذاتی صحت کی نگرانی انفرادی ذمہ داری ہے۔
ان سلسلے وار ویبناروں کے ذریعہ عوام کو خود اپنی صحت کی ذمہ داری قبول کرنے کا پیغام دیاجائے گا کہ وہ اپنے آس پاس آسانی سے دستیاب نیچرو پیتھی کے طریقوں کا استعمال کرے۔ پروگرام کا مقصد نمائش کے ذریعہ نیچرو پیتھی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
مختلف ممالک کے مشہور و معروف دانشوروں کو صحت کے بارے میں مہاتما گاندھی کے خیالات پر بولنے کے لئے دعوت دی جائے گی۔ ان مذاکرات کے ذریعہ طبی نگہداشت سے وابستہ پیشہ وروں کو بہتر عوامی صحت سے متعلق مہاتما گاندھی متعدد خیالات سے روبرو کرایا جائے گا۔
ان ویبناروں کاانعقاد بھارت کے گاندھیائی اداروں کے ساتھ مل کر کیاجائے گا جیسے کہ گاندھی ریسرچ فاؤنڈیشن، سینٹر فار گاندھین اسڈیز، گاندھی بھون، گاندھی اسمارک ندھی وغیرہ۔بین الاقوامی گاندھیائی ادارے جیسے مہاتما گاندھی کناڈین فاؤنڈیشن فار ورلڈ پیس، گاندھی ان فار میشن سینٹر جرمنی، مہاتما گاندھی سینٹر فار گلوبل نان وائلینس، ورجینیا، یو ایس اے ، یو ٹی ایس ، سڈنی ، آسٹریلیا کے نامور دانشوروں کے شریک ہونے کی امید ہے۔
48 دنوں تک چلنے والے ویبناروں کے اس پروگرام، جس کی شروعات 2 اکتوبر 2020 سے ہورہی ہے، میں روزانہ مقررہ وقت کے لئے ایک اجلاس ہوگا۔ان ویبناروں کا اختتام 18 نومبر 2020 کو نیچرو پیتھی کے قومی دن کے موقع پر ایک ورچول تقریب کے ذریعہ کیاجائے گا۔اسی دن مہاتما گاندھی کو آل انڈیا نیچر کیور فاؤنڈیشن ٹرسٹ تا حیات چیئرمین بنایا گیا تھا اور انہوں نے قدرتی طریقے سے علاج تک ہر طبقے لوگوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے معاہدہ پر دستخط کیا تھا۔
ویبناروں کے علاوہ کالج اور اسکول کے طلباء کے لئے کوئز مقابلہ، عوام کے لئے سوشل میڈیا مقابلے کا انعقاد کیاجائے گا۔ این آئی این پونہ کی یہ پہل وزارت آیوش کے مرض کو روکنے اور صحت کے فروغ کے آیوش کے مشن کے مطابق ہے۔اس کے علاوہ یہ وزارت آیوش کی جاری مہم‘‘ قوت مدافعت کے لئے آیوش’’ کے عین مطابق ہے۔