نئی دہلی، پوشن ابھیان کے تحت ستمبر کے مہینے کو پورے ملک میں پوشن ماہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد خوراک میں غذائیت کی کمی کے چیلنجوں پر توجہ دینا ہے۔ راشٹریہ پوشن ماہ یا نیشنل نٹریشن منتھ پورے ملک میں منایا جا رہا ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کو اس ابھیان کا نوڈل محکمہ بنایا گیا ہے۔ ایک ماہ طویل سرگرمیوں میں جن باتوں پر توجہ دی جائے گی ان میں پورے ملک میں پیدائش سے پہلے کی دیکھ بھال خون کی کمی ،بچوں کی بڑھوتری ،لڑکیوں کی تعلیم ، خوراک ،شادی کی صحیح عمر،حفظان صحت اور صفائی ستھرائی اور اچھی خوراک کھانا۔۔۔۔ ان موضوعات کو خوراک سے متعلق میلوں ،ریلیوں ، اسکول کی سطح کی مہموں ، خون کی جانچ کرنے والی کیمپوں ، مظاہروں وغیرہ ریڈیو ٹی وی کے ٹاک شوز اور سیمناروں میں اجاگر کیا جائے گا۔
اس ایک ماہ طویل کارروائی کے دوران مختلف وزارتوں اور محکموں میں ملک سے خوراک کی کم غذائیت کو کم کرنے اور آخر کار ختم کرنے کے سلسلے میں لوگوں کی رائے اور ان کی شرکت کو یکجا کیا جائےگا۔ پوشن ماہ کا مقصد لوگوں کو غذائیت سے بھر پور غذا کھانے کی اہمیت سے واقف کرانا اور سرکاری خدمات تک انفرادی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ تاکہ بچوں ،حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کی غذا کو بہتر بنانے کے لئے ان کی مدد کی جا سکے ۔
اس سال پوشن ماہ میں پانچ اہم اجزاء پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بچے کے پہلے ایک ہزار دن، خون کی کمی،اسہال ، ہاتھوں کو دھونا اور حفظان صحت نیز پوسٹک آہار (پورا کھانا جس میں متنبہ خوراک شامل ہے۔) ان کو پانچ سوتر کہا گیا ہے۔
4ستمبر کو پوشن ماہ کا آغاز آسام، بہار ، مدھیہ پردیش، تمل ناڈو اور راجستھان میں کیا گیا۔ آسام میں پوشن ماہ 2019 کا باضابطہ آغاز آج ریاستی گورنر پروفیسر جگدیش مکھی نے گوہاٹی میں کیا۔
پوشن ماہ کی شروعات کے لئے بہار کے شہر پٹنہ میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا افتتاح سماجی فلاح و بہبود کے محکمے کے وزیر جناب رام سیوک سنگھ نے کیا ۔
مدھیہ پردیش میں بھی آج پوشن ماہ کا شاندار آغاز ہوا۔ اس میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر امرتی دیوی نے پارلیمنٹ کے سابق ممبر جیوتی رادتیہ سندیا کے ساتھ شرکت کی۔
راجستھان کے شہر جے پور میں ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں صحت کے وزیر جناب رگھو شرما ،خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر محترمہ ممتا بھوپیش اور محکمہ تعلیم کے وزیر گووند سنگھ دوتاسارا نے شرکت کی۔ تقریب کی شروعات کے موقع پر ‘‘تھینکیو آنگن واڈی دیدی ’’ویڈیو چلایا گیا۔
تمل ناڈو میں بھی اسی طرح کی تقریب منعقد ہوئی اور ایک شاندا ر دوپہر کے کھانے کا اہتمام کیا گیا جس میں وزراء اور سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس سال کا راشٹریہ پوشن ماہ اس مقصد سے بنایا جا رہا ہے کہ اسے ایک جن آندولن میں تبدیل کیا جائے اور ‘‘پوشن تہوار سے ویوہار ’’ کے نعرے کے ساتھ عوام کی روز مرہ کی زندگی اور ان کے رویہ میں تبدیلی لائی جائے۔