نئی دہلی؍ ہریانہ میں آئندہ 21 دسمبر 2017 کو منعقد ہونے والے زلزلہ سے متعلق ریاستی سطح کی فرضی مشق سے قبل آج چنڈی گڑھ میں واقع ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی)میں ایک کوآرڈینیشن کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔اس کانفرنس میں قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے سینئر مشیر کار میجر جنرل (ریٹائرڈ) وی کے دتہ نے اس فرضی مشق سے متعلق تفصیلی جانکاری دی۔این ڈی ایم اے کے رکن لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) این سی مارواہ نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔اس کانفرنس کا انعقاد زلزلے سے متعلق فرضی مشق سے متعلق ضروری تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کیا گیا تھا۔
اس کوآرڈینیشن کانفرنس میں ریاست کے چیف سیکریٹری ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ، پولس کے ڈائریکٹر جنرل، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز ، آگ اور دیگر متعلقہ محکمے کے سربراہان کے علاوہ ہریانہ کے تمام اضلاع کے اے ڈی سی شریک ہوئے۔علاوہ ازیں تمام ضلع کلکٹر بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے موجود تھے۔مرکزی ایجنسیوں مثلاً ہندوستانی بری افواج ، فضائیہ، مرکزی مسلح پولس افواج(سی اے پی ایف) اور قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس(این ڈی آر ایف)کے افسران بھی موجود تھے۔ریاست ہریانہ کےریوینیو اور قدرتی آفات کے بندوست کے وزیر کیپٹن ابھیمنیو نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔خصوصی اجلاس کے ختم ہونے کے بعد میڈیا کو جانکاری دی گئی۔
آج منعقدہ کوآرڈینیشن کانفرنس کے بعد کل ٹیبل ٹاپ مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے بعد آئندہ 21 دسمبر 2017 کو فرضی مشق کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس سے قبل 6 دسمبر 2017 کو ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) میں ایک تعارفی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس تعارفی کانفرنس میں بھی ریاست بھر کے تمام شراکت داروں نے شرکت کی تھی۔
زلزلہ سے متعلق فرضی مشق کا انعقاد قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق ہریانہ کی ریاستی اتھارٹی (ایچ ایس ڈی ایم اے)،قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے اشتراک وتعاون سے کررہی ہے۔
اس فرضی مشق سے ریاست کے ایجنسیوں اور دیگر شراکت داروں کو قدرتی آفات سے نمٹنے میں ضروری مدد فراہم ہوگی۔ این ڈی ایم اے ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں متعدد قدرتی آفات کے سلسلے میں 600 سے زائد فرضی مشقوں کا انعقاد کرچکی ہے، تاکہ متعدد قدرتی آفات کی صورت حال میں جوابی میکنزم اور تیاریوں کو بہتر بنایا جاسکے۔
اس میٹنگ میں تمام شراکت دار ایجنسیوں کے تمام نوڈل آفیسران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں تمام ضلع کلکٹروں اور ان کی ٹیموں نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں شرکت کی۔