نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ جمہوری حکمرانی کے فوائد ملک کے ہر شہری تک پہنچیں۔ وہ آج یہاں مرکزی ویجیلنس کمیشن (سی وی سی) کے ذریعہ ویجیلنس بیداری ہفتے کے انعقاد پر، جس کا موضوع ہے ’’میرا ویژن – بدعنوانی سے پاک بھارت‘‘، تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیراعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات اور پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، کابینی سکریٹری جناب پی کے سنہا، مرکزی ویجیلنس کمشنر جناب کے وی چودھری اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
نائب صدر نے کہا کہ ہمیں بدعنوانی کی خبروں کا پتہ لگاکر اس کو ختم کرنا ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں مسلسل اس بات پر نظر رکھنی ہوگی کہ ہمارے ملک کے اس خوبصورت اور وسیع شجر کو کیڑے مکوڑوں وغیرہ سے نقصان نہ پہنچے۔ انھوں نے کہا کہ پورے ماحولیاتی نظام میں تبدیلی لاکر اس درخت کو محفوظ رکھنا اور مسلسل پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جہاں تک حکمرانی کا سوال ہے، سردار پٹیل بھارتی روایات کی بہترین اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں اور انھوں نے ملک کو یکجا کیا اور وہ عوامی زندگی میں ایمانداری اور بے لوث خدمت کی ایک تابندہ مثال تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے پیغام اور زندگی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی حقیقت پسندی اور معاملات کو حل کرنے کے لئے عملی طریقہ کار کی وجہ سے وہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں کامیاب رہے۔
نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ایمان داری اور دیانت داری سماجی پونجی کے اہم عنصر ہیں۔ انھوں نے ملک کی اقتصادی پونجی اور دانشورانہ پونجی میں اضافہ کیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ضابطے اور قوانین کا نفاذ زیادہ سے زیادہ شہریوں پر مرکوز ہونا چاہئے۔ ہر ایک شہر کو معیاری خدمات تک کسی تاخیر اور بدعنوانی کے بغیر حاصل ہونی چاہئیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے تاکہ اس میں مضبوط اقدار، اخلاقی کردار اور وسیع طور پر پورے سماج کی بھلائی کے لئے عہدبستگی کو فروغ دیا جاسکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مرکزی ویجیلنس کمیشن اسکولوں اور کالجوں میں ’’یکجہتی کلب‘‘ کو فروغ دینے کی کوششیں کررہا ہے اور یہ اقدام بلاشبہ مستقبل میں زبردست فائدہ پہنچائے گا۔ انھوں نے بدعنوانی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے کمیشن کی مسلسل کوششوں کی ستائش کی۔