نئی دہلی، صحت اور کنبہ بہبود کے وزیر جناب جے پی نڈا نے کیرلا میں کئے جا رہے راحتی اقدامات کاجائزہ لینے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا اہتمام کیا ۔ صحت اور کنبہ بہبود کے وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے اور سکریٹری محترمہ پریتی سودن ( صحت ) نے وزارت کے دیگر سینئر افسروں کے ساتھ اس میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں این سی ڈی سی اور ڈی جی ایچ ایس کے افسران نے بھی حصہ لیا ۔ جناب نڈا نے کہا کہ بیماریوں کے پھٹ پڑنے کی صورت حال کی نگرانی کی جا رہی ہے اور یہ کام روز مرہ کی بنیاد پر انجام دیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کلیدی صحتی مراکز کو بھی سرگرم عمل کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک چھوت سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں کوئی خبر نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیرلا کی وزیر صحت محترمہ کے کے شیلجا سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ذاتی طور پر صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ صحت کی سکریٹری بھی ریاستی صحتی کارکنان کے ساتھ روز مرہ کے رابطے میں ہیں اور روزانہ صورت حال کی نگرانی کر رہی ہیں ۔
صورت حال کے مطابق عمل کرنے کی غرض سے سیلاب زدہ علاقوں کے لئے 65 میٹرک ٹن لازمی ہنگامی ادویہ آج بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے ذریعے پہنچائی گئی ہیں اور یہ تمام چیزیں تریویندرم پہنچ گئی ہیں ۔ 1 کروڑ کلورین کی گولیاں آج روانہ کر دی گئی ہیں اور دیگر 1 کروڑ کلورین کی گولیاں روانہ کی جا رہی ہیں ۔ ریاست کی جانب سے مجموعی طور پر 4 کروڑ کلورین کی گولیوں کی خواست گاری کی گئی تھی ، جنہیں مرحلہ وار طریقے سے بھیجا جائے گا ۔ وزارت صحت نے مزید 20 میٹرک ٹن بلیچنگ پاؤڈر بھی بہم پہنچایا ہے ، جسے سڑک کے راستے ارسال کیا جا رہا ہے اور اس میں سے 10 میٹرک ٹن بلیچنگ پاؤڈر آج پہنچ جائے گا اور بقیہ 10 میٹرک ٹن کل پہنچ جائے گا ۔ اضافی 40 میٹرک ٹن بلیچنگ پاؤڈر حاصل کیا جا رہا ہے اور اسے جلد ہی کیرلا پہنچا دیا جائے گا ۔
اس کے علاوہ ، 12 صحت عامہ ٹیمیں پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہیں اور ہر ایک ٹیم سب سے زیادہ متاثرہ 12 اضلاع میں سے ہر ایک ضلع کے لئے متعین کی گئی ہے اور ریاست کی گزارش پر تعینات کئے جانے کے لئے تیار ہے ۔ اس کے علاوہ ، 10 خصوصی طبی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ اس میں 30 ماہرین امراض اور 20 جنرل ڈیوٹی میڈیکل افسران شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ ، این آئی ایم ایچ اے این ایس سے سائیکو سوشل ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں اور انہیں ریاستی حکومت کی درخواست پر روانہ کیا جائے گا ۔
بیماریوں کی روک تھام کے قومی مرکز ( این سی ڈی سی ) نے ریاست کو پوسٹ فلڈ پبلک ہیلتھ مینجمنٹ یعنی سیلاب کے بعد عوام الناس کی صحت کے لئے درکار انتظامات میں امداد کی غرض سے متعدد صحتی مشاورت نامے بھی جاری کئے ہیں ۔ یہ مشاورت نامے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں اور ممکنہ طور پر لاحق ہونے والی جگر کی بیماریوں سے متعلق ہیں ۔ این سی ڈی سی ٹیمیں ریاست کی امداد کے لئے تعیناتی کی منتظر ہیں ۔
کرناٹک میں ضلع کوڈاگو میں سیلاب کی صورت حال بھی سنگین شکل اختیار کر رہی ہے ۔ بنگلور سے ضلع کوڈاگو کے لئے ایک طبی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے تاکہ وہاں جاکر ضروری امداد فراہم کر سکے ۔