نئی دہلی، صنعت و تجارت کے وزیر مملکت ہردیپ سنگھ پوری کی زیر قیادت ایک ہندوستانی وفد نے حال ہی میں یونان میں 84ویں تھیسالونیکی بین الاقوامی میلہ (ٹی آئی ایف) میں حصہ لیا۔ سینئر اہلکار ، تاجران اور معروف ہندوستانی صنعت کار اس وفد کا حصہ تھے۔
ہندوستان نے 84ویں ٹی آئی ایف میں اعزازی ملک کے طورپر شرکت کی۔نیو انڈیا پویلین کا افتتاح ہیلنک ریپبلک کے وزیر اعظم جناب کیریا کوس مٹسوٹاکیس اور صنعت و تجارت کے وزیر مملکت جناب ہردیپ سنگھ پوری نے 7ستمبر 2019ء کو کیا۔صنعت و تجارت کے وزیر مملکت نے تجارتی میلے کے دوران پریس سے بھی گفتگو کی اور یونان، نیز جنوب مشرقی یوروپ کے وسیع خطے میں ہندوستانی کاروبار کے فروغ کے امکانات کو نمایاں کیا، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط کیا جاسکے۔
ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ توقع ہے کہ 2025ء تک بھارت کی معیشت 5ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی اور یہ دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں سے ایک ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یوروپی یونین ، یوروزون اور بین الاقوامی تنظیموں کا رُکن یونان ٹیکنالوجی، ایرواسپیس ، فارماسیوٹکلز، زرعی پیداوار اور ڈبہ بندی، جہاز رانی، سیاحت، کانکنی، خوراک اور ثقافت جیسےاہم شعبوں میں ہندوستانی کمپنیوں کے لئے یوروپ ایک کنٹری –ہب بن سکتا ہے۔
صنعت و تجارت کے وزیر مملکت نے کہا کہ آج ہندوستان انجینئرنگ ، ٹیکنالوجی، خلائی پروگرام اورمیڈیکل سرجری اورعلاج و معالجے کے شعبے میں تازہ ترین ترقی ، اپنی خوشحال وراثت ، ثقافت، ٹیکسٹائلز ، آیوروید، یوگا اور اپنے رنگ برنگے پکوانوں کے لئے جانا جاتا ہے۔
ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ہندوستان سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے اور ٹیکنالوجی ، جدت طرازی اور سائنس کے شعبوں میں ہوئی عالمی ترقیات کے ضمن میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرر ہا ہے۔ گلوبل اینوویشن انڈیکس-2019ء میں ہندوستان میں 52واں مقام حاصل کیا ہے۔جدت طرازی کا کلچر اب مرکزی مقام حاصل کرچکا ہے اور ہندوستان عالمی دانشورانہ اثاثہ جات تنظیم (ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن)جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ سرگرمی کے معاملات کر رہا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت سرکار ملک کو جلد ہی چوٹی کی 25جدت طراز معیشتوں کے گروپ میں شامل کرانے کے لئے کام کررہی ہے۔
ٹی آئی ایف ستمبر2019ء فیئر میں حکومت ہند کی صنعت و تجارت ، الیکٹرونکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور سیاحت کی وزارتوں کے اہلکاروں اور یونان میں ہندوستانی سفارت خانہ، بین الاقوامی تجارتی فروغ تنظیم، انڈیا برانڈ ایکوئٹی فاؤنڈیشن اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے افسران کے ساتھ ساتھ معروف ہندوستانی صنعت کاروں نے شرکت کی۔
ٹی آئی ایف میلے کے دوران نمائش کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں ہندوستانی خلائی تحقیق کا ادارہ (اسرو)، نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی)، ایگریکلچر پروڈیوس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی(اے پی ای ڈی اے)، بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی کمپنیوں (ایم ایس ایم ای)کے شعبے ،ٹائلس اینڈ سیریمکس انڈسٹری سے متعلق کمپنیاں اور راجستھان ، مراد آباد اور جموں و کشمیرکے دستکار شامل ہیں۔