نئی دہلی، منشیات اور دماغی خلیوں پر مخصوص اثر ڈالنے والی اشیاء اور متعلقہ امور کے موضوع پر ہندوستان کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی ) اور سری لنکا کے پولیس نارکوٹکس بیورو ( پی این بی ) کے درمیان منعقدہ تیسری دو طرفہ میٹنگ آج یہاں شروع ہوئی ۔ ہندوستانی وفد کی قیادت این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جناب ابھے نے کی ، جب کہ سری لنکا کے وفد کی قیادت پی این بی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جناب سنجیوا میداوتے نے کی ۔ ہندوستانی وفد این سی بی کے افسران کے علاوہ ، تمل ناڈو پولیس ، ساحلی محافظ دستہ ، امور داخلہ کی وزارت اور امور خارجہ کی وزارت کے افسران پر مشتمل تھا ۔
یہ میٹنگ ایک خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی ۔ اس میٹنگ کے دوران ، جن امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ، ان میں ہند – سری لنکا سیکٹر میں منشیات کی اسمگلنگ کے تازہ ترین رجحانات ، اطلاعات اور انٹلی جنس کا آپسی تبادلہ ، ہندوستان / سری لنکا میں منشیات کی ضبطی کے علاوہ دیگر معاملات میں ملوث سری لنکا / ہندوستان کے ملزموں کا پتہ لگانے میں امداد فراہم کرنا ، زیر حراست یا گرفتار اسمگلنگ کرنے والے افراد / گینگ کے سلسلے میں آپسی اشتراک و تعاون ، منشیات کی اسمگلنگ کے لئے سمندری راستے کے استعمال اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ اور تربیتی ضروریات میں ایک دوسرے کا اشتراک و تعاون شامل ہیں ۔
این سی بی ، ہندوستان اور پی این بی سری لنکا نے خطے میں منشیات کے چیلنج کو تسلیم کیا اور مستقبل میں اطلاعات کے تبادلے ، ڈلیوری کنٹرول آپریشن اور تربیت میں ایک دوسرے کا تعاون کرنے کے شعبوں کی نشاندہی کی ۔