نئی دہلی: کیمیکلز اورکھادوں کے مرکز ی وزیر، جناب ڈی وی سدانند گوڑا نے کہاہے کہ 2023تک ہندوستان کھادوں کی پیداوارمیں خود کفیل بن جائے گاجب کہ آتم نربھربھارت پروگرام کے تحت ملک میں کھاد کے نئے مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کئے جارہے ہیں ان پر 40ہزارکروڑروپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔اس سے درآمد پرانحصارکو کم کیاجاسکے گا۔
جناب گوڑا خودکفیل ہندوستان اورپائیداراورمضبوط زراعت پرایک ویبینارسے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام کرناٹک کے کسانوں کے لئے افکوکی طرف سے کیاگیاتھا۔ انھوں نے کہاکہ دیسی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے وزیراعظم جناب نریندرمودی کے آتم نربھربھارت ویژن کے تحت ہم تمام کھاد کمپنیوں کو گیس پرمبنی ٹکنالوجی پرتبدیل کررہے ہیں حال ہی میں ہم نے ہندوستان میں 4یوریاپلانٹس کو دوبارہ فعال بنایاہے ان میں برونی ، گورکھپور، سندھری اورراماگنڈم شامل ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ہم کوکھادوں کی پیداوارمیں خودکفیل ہوناچاہیئے۔
مرکزی وزیرنے بتایاکہ حکومت ملک میں نامیاتی اور نینوکھادوں کی پیداوارکی حوصلہ افزائی کررہی ہے کیونکہ وہ 25سے 30فیصد تک سستی ہیں اور 18سے 35فیصد تک زیادہ پیداوار دیتی ہیں ۔ اور مٹی کی اچھی صحت بنائے رکھتی ہیں ۔ انھوں نے افکوکے نینوتجربے کو سراہااوراسے بساط بدلنے والا قراردیا۔ انھوں نے بتایاکہ نینوکھاد 12ہزارکسانوں میں تقسیم کی گئی ہے اوراس کے کوئی معاوضہ نہیں وصول کیاگیاہے ۔ انھوں نے بتایاکہ ملک بھرمیں زرعی یونیورسٹیوں نے مثبت فیلڈ بیک دیاہے ۔
جناب گوڑا نے کسانوں سے کہاکہ وہ یوریاکا بہت مناسب استعمال کریں کیونکہ یوریاکے بہت سے زیادہ استعمال سے مٹی کی زرخیزی ختم ہوسکتی ہے ۔ انھوں نے کسانوں کو مشورہ دیاکہ وہ اپنی مٹی کی صحت کے کارڈ کے مطابق کھادوں کا استعمال کریں ۔
مرکزی وزیرسدانند گوڑانے کووڈ عالمی وباء کی مدت کے دوران افکوکی ان کوششوں کے لئے تعریف کی کہ اس نے کھادوں کی نہ صرف مستقل سپلائی جاری رکھی بلکہ کووڈ ۔19کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ماسک کی تقسیم کرنے کے علاوہ سینی ٹائزرس کی تقسیم کی مہم کا بھی اہتمام کیا۔ انھوں نے کھادوں کی دیگرکمپنیوں اور ریلوے محکمے کا بھی اس بات کے لئے شکریہ اداکیاکہ وہ کووڈ عالمی وباء کی مدت کے دوران کھاد کی بروقت سپلائی میں اہم رول اداکررہاہے ۔
کرناٹک کے 1500سے زیادہ کسانوں نے زون کے ذریعہ ویبینارمیں حصہ لیا۔ افکوکے مینیجنگ ڈائرکٹرڈاکٹریواس اوستھی مارکٹنگ ڈائرکٹریوگیندرکمار،افکوکرناٹک کے مارکٹنگ منیجرڈاکٹرنارائن سوامی ، زرعی سائنسیز بینگلوریونیورسٹی کے زرعی سائنسداں اور دیگرممتاز شخصیتوں نے ویبینارمیں شرکت کی ۔