نئی دہلی: ہندوستان کے پہلے ہند کوریائی دوستی پارک کا افتتاح جمہوریہ کوریا کے عزت مآب وزیر برائے قومی دفاع محترم مسٹر ایس ایچ ووک اور عزت مآب دزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 26 مارچ 2021 کو مشترکہ طور پردہلی چھاؤنی میں کیا۔ دہلی چھاؤنی میں واقع اس پارک کی اہمیت نہ صرف اس وجہ سے ہے کہ یہ مضبوط ہند جنوبی کوریا دوستانہ تعلقات کی علامت ہے بلکہ 53 تا1950 کوریائی جنگ میں 21 ممالک کے حصہ کے طور پر ہندوستان کی شرکت کی یادگار بھی ہے۔ ان ملکوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں کوریائی جنگ میں حصہ لیا تھا۔
اس پارک کو وزارت دفاع ، حکومت ہند ، ہندوستانی فوج ، دہلی کنٹونمنٹ بورڈ ، کوریائی سفارتخانے اور کوریائی جنگی سورماؤں کے ہندستانی انجمن کی مشترکہ مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
چھ ایکڑ رقبے کے ہرے بھرے علاقے میں پھیلے ہوئے اس پارک میں ایک داخلی دروازہ شامل ہے جس کو خوبصورتی کیساتھ کوریائی انداز میں بنایا گیا ہے جو خوبصورت ثقافت کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس میں ایک جاگنگ ٹریک، خوش تزئین باغ اور ایک کھلا تھیٹر ہے۔
اس پارک میں ہندستان اور جنوبی کوریا کے جھنڈوں والے دروازے پر مصافحہ کی دراز قد نمائش کی گئی ہے۔ وزیر دفاع برائے قومی دفاع ، جمہوریہ کوریا جناب ایس ایچ ووک اور محترم وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے اس کی نقاب کشائی کی۔ اس پارک میں جنرل کے ایس تھامیا کا ایک دراز قد مجسمہ بھی نصب ہے۔ وہ ایک ممتاز فوجی تھے جنہوں نے ہندستان کی قیادت میں کوریا میں غیر جانبدار نیشنل ریپریٹیشن کمیشن (این این آر سی) کے چیئرمین کی حیثیت سے ہندوستانی دستے کی سربراہی کی۔ کسٹوڈین فورس آف انڈیا (سی ایف آئی) کے توسط سے کمیشن غیرجنگی قیدیوں کو کیمپوں میں جمع کرنے کا ذمہ دار تھا جو آزادی کے بعد اقوام متحدہ کی تفویض کے لئے ہندوستان کا پہلا عہد بھی تھا۔ جنرل تھیمیا کے مجسمے کے پس منظر میں اٹھائے گئے پانچ ستونوں کو کوریائی جنگ کے دوران 60 پیراشوٹ فیلڈ ایمبولینس کے ذریعہ کئے گئے آپریشنوں کی تفصیلات کے ساتھ نقش کیا گیا ہے جہاں انہوں نے تقریبا 1,95,000 زخمیوں اور بیماروں کا علاج کیا تھا اور میدان جنگ میں تقریباً 2,300 جراحیاں کی تھیں۔ ایک ستون میں نوبل انعام یافتہ گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کی کوریاپر اظہار خیال”مشرق کا چراغ” بھی شامل ہے جو 1929 میں کوریائی روزنامہ “ڈونگ-اے-ایلبو” میں شائع ہوا تھا۔
اس تقریب میں ہندوستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر سمیت جمہوریہ کوریا کے ایک وفد نے شرکت کی۔ شرکاء میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور تین سروسز کے سربراہان کے علاوہ کوریائی جنگی سورماوں کے ہندستانی انجمن کے اراکین بھی شامل تھے۔