نئی دہلی،آیوش کے وزیر مملک (آزادانہ چارج) جناب سری پد یسونائک نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ دوسرے ملکوں میں یوگا کا بین الاقوامی دن منانے کیلئے بھارتی مشنوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اس تقریب کیلئے بین الاقوامی سطح پر معروف یوگا تنظیموں جیسے آرٹ آف لیونگ گلوبل سینٹر، گایتری پریوار، ایشا فاؤنڈیشن گلوبل، آئینگر یوگا فاؤنڈیشن وغیرہ کو شامل کریں۔ یوگا کی وسیع پیمانے پر تقریب کے انعقاد کے نتیجے میں میزبان ملکوں کی مقامی آبادی میں یوگا کے بارے میں نئی دلچسپی اور بیداری پیدا ہوئی ہے۔ بیرونی ملکوں میں قائم بھارتی مشنوں نے یوگا کے بین الاقوامی دن سے پہلے اور اس دن کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ اس سلسلے میں ان تنظیموں کو شامل کرنے پر زور دیا گیا جو میزبان ملکوں میں یوگا کو فروغ دینے کیلئے پہلے سے ہی سرگرم تھیں۔
بیرونی ملکوں میں خاص تقریب کے دوران یوگا کے مظاہروں کی قیادت کیلئے 28 ملکوں میں یوگا کے 32 ٹیچروں کو بھارت سے بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ آئی ڈی وائی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر 110 بھارتی مشنوں نے کے وی آئی سی کے ذریعے براہ راست یوگا کھادی کٹس کی خریداری کی۔
ملک میں یوگا کے بین الاقوامی دن کی خاص تقریب کا انعقاد لکھنؤں میں کیا گیا جس میں وزیراعظم جناب نریندر مودی نے تقریباً 51 ہزار لوگوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔
یوگا اور نیچروپیتھی میں تحقیق کی مرکزی کاؤنسل ( سی سی آر وائی این) کے ذریعے ملک کے 624 اضلاع میں یوگا کے بین الاقوامی دن کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ اس کے علاوہ این سی سی، این ایس ایس، نہرویووا کیندر، یوگا تنظیموں، اسکولوں، کالجوں، ریاستی سرکاروں اور مرکزی حکومت کے مختلف محکموں اور وزارتوں اور ذیلی دفاتر میں ان پروگراموں میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کی۔ مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) یوگا میں تعلیمی کورس فراہم کرتا ہے جس میں یوگا سائنس میں ڈگری، ڈپلومہ اور سرٹیفکٹ کورس کرائے جاتے ہیں جن کا مقصد غیر ملکی شہریوں سمیت لوگوں کو یوگا کی تعلیم، تربیت اور تھریپی فراہم کرنے کیلئے یوگا کے ماہرین تیار کرنا ہے۔
وزارت کا انٹرنیشنل کوارڈینیشن ڈویزن بیرونی ملکوں میں، جب بھی ایسی تجاویز موصول ہوتی ہیں، یوگا کے پیشہ ور افراد کی تعیناتی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔