نئی دہلی، وہ بھارتی ٹیم ، جس نے حال ہی میں 2018 ء کا نا بینا کرکٹ عالمی کپ شارجہ ، متحدہ عرب امارات میں جیتا ہے ، نے آج یہاں وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک کے لئے اسی طریقے سے قابل فخر کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی ۔
20 جنوری ، 2018 ء کو شارجہ ، متحدہ عرب امارات میں منعقدہ پانچویں نابینا کرکٹ عالمی کپ کے مقابلے کے فائنل میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر دوسری مرتبہ فتح حاصل کی تھی ۔ 40 اوور میں 308 رن کا نشانہ حاصل کرکے بھارتی ٹیم نے آخر کار اس میچ میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی ۔ بھارت نے ٹرافی حاصل کرنے کے لئے 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔
ٹیم کے اراکین نے وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرکے پریکٹس گراؤنڈ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی میں مدد دیں ۔ اپنی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹیم کو عمدگی کے حصول میں اپنی جانب سے تمام تر ممکنہ تعاون فراہم کریں گے ۔