داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج جموں وکشمیر کے اپنے دورے کے دوسرے دن جموں میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(آئی آئی ٹی) کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا ۔210 کروڑ روپے مالیت کے آئی آئی ٹی جموں کے نئے کیمپس میں طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر ہوسٹل ،جمنیزیم اور انڈور گیمس جیسی سبھی سہولیات دستیاب ہوں گی۔جناب امت شاہ نے جموں وکشمیر کیلئے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا تعلیم کے مرکز وزیر جناب دھرمیندر پردھان اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جناب جتیندر سنگھ سمیت متعدد معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ آج ایک مبارک دن ہے پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا جی کا یوم پیدائش ہے اور صرف جموں ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے لوگ پریم ناتھ ڈوگرا جی کو کبھی بھلا نہیں سکتے ۔یہ وہ عظیم شخصیت تھی جنہوں نے پرجا پریشد قائم کرکے شیاما پرساد مکھرجی کے ساتھ یہ نعرہ دیا تھا کہ ایک دیش میں دو نشان ،دو ودھان اور دو پردھان نہیں چلیں گے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ اب جموں کے باشندوں کے ساتھ نا انصافی کا دور ختم ہوگیا ہے اور اب کوئی ان کے ساتھ نا انصافی نہیں کرسکتا ،آپ نے برسوں تک نا انصافی کا سامنا کیا ہے لیکن اب جموں وکشمیر کی ترقی ایک ساتھ ہوگی اور دونوں مل کر بھارت کو آگے لے جانے کیلئے مل کر کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں پر جو ترقی کا دور شروع ہورہا ہے اس میں خلل ڈالنے والے خلل ڈال رہے ہیں لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جموں وکشمیر کی ترقی کو کوئی روک نہیں پائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 5 ؍اگست 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سالوں سے چلی آرہی دفعہ 370اور 35 اے کو ختم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیاجن سے جموں و کشمیر کے لاکھوں شہریوں کے اپنے حقوق حاصل ہوئے۔پہلے لوگوں کو زمین خریدنے کا حق حاصل نہیں تھا جو پناہ گزیں وہاں سے یہاں آئے تھے ان کو حقوق حاصل نہیں تھے لوگوں کو ریزرویشن نہیں ملتا تھا لیکن اب کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ بھارتی آئین کے سبھی حقوق اب سب کو ملنے والے ہیں ۔خواتین کو بھی ان کے حقوق دئے گئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے منیمم ویج ایکٹ یعنی کم از کم آمدنی نافذ کیا گیا ہے ،صفائی کرمچاری قانون نافذ کیا گیا ،دلتوں اورقبائلیوں کے حقوق کے تحفظ اور زیادتیوں کو روکنے کیلئے سخت قانون بنائے گئےاور قبائلی افراد کو زمین کو پٹے پر دینے کا حق بھی نریندر مودی حکومت نے دیا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ آج بہت سی اسکیموں کا افتتاح کیا گیا ہے ایک زمانہ تھا جب جموں وکشمیر میں صرف چار میڈیکل کالج تھے اور آج جموں و کشمیر میں سات نئے میڈیکل کالج قائم ہوچکے ہیں جن میں سے پانچ شروع ہوچکے ہیں ۔پہلے پانچ سو میڈیکل کی سیٹیں تھیں اب دو ہزار طلبا یہاں ایم بی بی ایس کرسکتے ہیں اور کسی کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔آج جس آئی آئی ٹی کے کیمپس کا افتتاح یہاں ہوا ہے ویسا جدید آئی آئی ٹی کا کیمپس میں نے نہیں دیکھا ،اس بارے میں بھی تبادلہ خیال کئے گئے ہیں کہ کس طرح نئی طرز کے کورس تشکیل دیکر آئی آئی ٹیز ،آئی آئی ایمس اور ایمس ایک دوسرے کی مدد گاربنیں گے ،سیٹلائٹ کیمپس کھول کر بچوں کی ٹریننگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جس سے زیادہ سے زیادہ جموں وکشمیر کے بچوں کا داخلہ آئی آئی ٹیز میں ہوسکے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر 45 ہزار نوجوان جمو ں وکشمیر کے لوگوں کی خدمت میں لگتے ہیں تو دہشت گرد کچھ نہیں بگاڑ سکتے اور یہ نوجوان دیکھتے ہی دیکھتے جموں وکشمیر کو بدل دیں گے ،اس کے علاوہ 25 ہزار سرکاری نوکریاں سروس سلیکشن بورڈ کے ذریعہ دے دی گئی ہیں۔جن میں سے سات ہزار لوگوں کو الگ الگ تقرری نامے آج اسی جگہ دئے گئے ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے پانچ لاکھ نئی نوکریاں تشکیل دئے جانے میں مدد ملے گی ،اب تک جموں میں سات ہزار اور کشمیر میں پانچ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کیلئے اراضی مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا تب یہ تین کنبے جنہوں نے سالوں تک آپ کا استحصال کیا ہے مضحکہ خیز انداز میں سوال کیا کرتے تھے کہ اب کون یہاں آئے گا ۔ لیکن یہ جناب نریندر مودی کی سحر انگیز شخصیت کا ہی نتیجہ ہے کہ اب تک 12 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور 2022 سے پہلےتقریباً 51ہزار کروڑ روپے کی مالیت کی سرمایہ کاری حاصل ہوگی۔اس سے جموں میں پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا ،9 میڈیکل کالج ، 15 نرنسنگ کالج ، آئی آئی ٹیز ،این آئی ٹیز،آئی آئی ایمس ، این آئی ایف ٹی ،آئی آئی ایم سی ،دو کینسر انسٹی ٹیوٹ پولی ٹیکنک ،بی ایس سی نرنسنگ کالج کئی انسٹی ٹیوشن تشکیل دئے گئے ہیں اور شروع کئے گئے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ تین کنبوں نے مجھ سے پوچھا کہ آپ یہاں کے لوگوں کو کیا دیں گے؟میں اس بات کی تفصیل اپنے ساتھ لایا ہوں کہ ہم کیا کیا دیں گے لیکن آپ تین کنبے جنہوں نے 70 سال تک حکمرانی کی۔ اپنی کار گزاری بتائیے۔جموں وکشمیر کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ نے ان کیلئے کیا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جناب نریندر مودی نے وزیر اعظم بنتے ہی 55 ہزار کروڑ روپے کا پیکج دیا تھا جس میں سے 35 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں اور 21 اسکیمیں تکمیل کو پہنچ چکی ہیں اور آپ پوچھتے ہیں کہ ہم نے یہاں لوگوں کیلئے کیا کیا۔کیا آپ نے کبھی اپنے کنبے کے علاوہ کسی اور کی فکر کی ہے،یہ جناب نریندر مودی کی حکمرانی ہے یہاں کوئی نا انصافی نہیں ہوگی اور کسی کی پذیرائی بھی نہیں ہوگی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کچھ لوگ سکیورٹی کے بارے میں سوال اٹھارہے ہیں میں انہیں کچھ اعداد وشمار دینا چاہتا ہوں 2004 سے 2014 کے درمیان 2081 شہری مارے گئے ،فی سال208 شہری مارے گئے ۔ 2014 سے ستمبر 2021 تک 239 شہریوں نے بدقسمتی سے جان گنوائی ہے جوکہ 208 کی جگہ فی سال 30 ہے ۔جناب امت شاہ نے کہا کہ ہم ایسا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں یہاں ایک بھی آدمی کی جان نہ جائے اور دہشت گردی مکمل طور سے ختم ہوجائے ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے کوئی ریزرویشن نہیں تھا ۔ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبیلوں کیلئے سیٹیں ریزرو ہوں گی اور اس کیلئے کمیشن تشکیل دیا گیا ہے ۔دیگر پسماندہ ذات کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔جناب شاہ نے کہا کہ چار فیصد ریزرویشن پہاڑی قبائلی برادریوں کو دیا گیا ہےاور اب ان کے نمائندے اسمبلی میں وقار کے ساتھ بیٹھیں گے اور آپ کے بیچ ایک وزیر کے طور پر ہوں گے ۔بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو بھی ریزرویشن دیا گیا ہےاور گرجروں کو بھی جلد ہی بلاتاخیرریزرویشن دیا جائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ دلی سے کٹرابذریعہ امرتسر کیلئے چھ لین والی شاہراہ پر کام جاری ہے آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ جموں میں سیاحت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور مذہبی سیاحتی سرکٹوں کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نےکہا کہ صرف اس سال مارچ میں ہی بیرونی ملکوں سے 62 ہزار سیاحوں نے جموں خطےکا دورہ کیا جو کہ آج کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ پہلے جموں کے لوگ اپنے بچوں کو میٹرو ریلوے دکھانے کیلئے دہلی جاتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دو سال بعد انہیں میٹرو میں سفر کرنے کیلئے اپنے بچوں کو دہلی لے جانا نہیں پڑے گا کیونکہ میٹرو خود جموں میں آجائےگی ۔جموں اور سری نگر میں میٹرو جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں ہوائی اڈے کیلئے ایک بڑی اراضی مختص کی گئی ہے اور سات سو کروڑ روپے کی لاگت سے ہوائی اڈہ تعمیر کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کل ایک ہیلی کاپٹر پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت جموں وکشمیر حکومت ہر ضلع میں ہیلی پیڈس تعمیر کرے گی ۔پرائیویٹ سیکٹر کے لوگ سرمایہ کاری کریں گے اور مختلف سیکٹروں کو اس سے جوڑ دیا جائے گا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں وکشمیر کے گاوؤں کو بجلی دستیاب کرانے کیلئے چار سالوں میں پن بجلی پروجیکٹوں پر 35 ہزار کروڑ روپے خرچ کئے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ ان کئی پروجیکٹوں کو جناب نریندر مودی اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ پھر سے شروع کیا گیا ہے جنہیں ان تین کنبوں نے روک رکھا تھا۔
داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ کووڈ-19 نے پوری دنیا کو حیران کردیا تھا اور لوگوں نے یہ سوچنا شروع کردیا تھا کہ بھارت جیسا ملک اس وبا پر کیسے قابوپائے گا ،ہمارا صحت کا بنیادی ڈھانچہ نسبتاً کمزور تھا لیکن وزیر اعظم نے دنیا میں بہترین طریقے سے کووڈ-19 سے نبردآزمائی کی اور بھارت میں شرح اموات سب سے کم رہی ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں100 فیصدلوگوں کو کووڈ-19 کا پہلا ٹیکہ لگ چکا ہے جبکہ 50 فیصد سے زیادہ افراد دوسرا ٹیکہ بھی لگواچکے ہیں ۔جناب امت شاہ نے کہا کہ جناب نریندرمودی نے پردھان منتری آیوشمان بھارت یوجنا شروع کی ہے جس کے تحت بھارتی حکومت پانچ لاکھ روپے تک کے ملک کے 60 کروڑ غریب لوگوں کے صحت سے متعلق اخراجات برداشت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ملک میں وہ واحد ریاست ہے جہاں اس اسکیم کا فائدہ نہ صرف یہ کہ غریبوں کو مل رہا ہے بلکہ جموں وکشمیر کے وہ سبھی شہری بھی مستفید ہورہے ہیں جو صحت او ر آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کا فائدہ حاصل کررہے ہیں ۔ان سبھی باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم کا جموں وکشمیر کے تئیں کتنا لگاؤ ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ گیس ،بیت الخلا اور بجلی سبھی گھروں کو مہیا کی گئی ہےاور ساتھ ہی ساتھ سبھی گھروں کو روزگار دستیاب کرانے کا ٹاسک بھی شرو ع ہوگیا ہے۔کھادی ولیج انڈسٹریز بورڈ کے ذریعہ مدھو مکھی کے بکسے اور الیکٹرک وہیلس کے ذریعہ لگ بھگ پانچ لاکھ بہنوں کو روزگار سے منسلک کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیر اعظم نے جموں وکشمیر میں بنیادی سطح پر جمہوریت قائم کرنے کیلئے بہترین کام انجام دیا ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ ان تین کنبوں کے 87 ایم ایل ایز اور 6 ممبران پارلیمنٹ نے پچھلے 70 سالوں میں جموں وکشمیر کو کیا دیا۔جناب نریندر مودی نے 30 ہزار منتخب نمائندے مہیا کرائے ہیں۔ہر گاؤں میں ایک پنچایت ہے، ہر تحصیل کے اندر ایک تحصیل پنچایت تشکیل دی گئی ہے اورہر ضلع کے اندر ایک ضلع پنچایت تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب ان تین کنبوں کے پاس کوئی چارہ ٔکار نہیں ہے۔ اب پنچ ،سرپنچ بھارتی حکومت میں وزیربھی بن سکتے ہیں ،جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ بھی بن سکتے ہیں یہاں تک کے جو پہاڑی علاقوں سے انتخاب جیتتا ہے وہ جموں وکشمیر کا وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے اب کوئی بھی اسے وزیر اعلیٰ بننے سے روک نہیں سکتا۔جناب شاہ نے کہا کہ جناب نریندر مودی نےجموں وکشمیر میں جمہوریت قائم کی ہے اور ایک بار جمہوریت قائم ہوجاتی ہے تو معمول کے حالات بحال ہوجائیں گے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ ہم سبھی کا خواب تھا کہ شیاما پرساد مکھرجی کے اس خواب کی تکمیل ہو اور انہوں نے جس چیز کیلئے قربانی دی ا سے ہم اپنی زندگی میں خود دیکھ پائیں مودی جی کی وجہ سے ہی آج ہم یہ دن دیکھ پائیں ہیں اور آج شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ترقی کا جو سفر شروع کیا ہے جموں وکشمیر کے لوگ اس میں چٹان کی طرح ساتھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے اندر ترقی کا جو دور شروع ہوا ہے اسے کوئی روک نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ جموں وکشمیر کے امن میں خلل ڈالنے والوں کو ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔