نئی دہلی۔ ملک بالخصوص ممبئی کے لوگوں کا ایر کنڈیشنڈ لوکل ٹرین میں آرام دہ سفر کا دیرینہ خواب خوشگوار حقیقت میں بدلنے جا رہا ہے ۔ ویسٹرن ریلوے کے مضافاتی سیکشن پر بروز پیر 25 دسمبر 2017 سے پہلے براڈ گیج ایر کنڈیشن والے اے سی ای ایم یو ٹرین کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔بارہ ڈبوں پر مشتمل یہ ٹرین ملک میں تیار کیے گئے میسرز بھیل کے 3-فیز پروپلشن سسٹم سے آراستہ ہے ۔ ملک خاص طور پر ممبئی والوں کے لیے نئے سال کے تحفے کے طور پر یہ پہلی ایر کنڈیشن والی لوکل ٹرین اپنے تاریخی آغاز کے طور پر بوری ولی اسٹیشن سے25 دسمبر 2017 کو ساڑھے دس بجے روانہ ہو کر چرچ گیٹ پہنچے گی ۔ اس کے آغاز کے بعد چرچ گیٹ اور بوری ولی کے درمیان 25 دسمبر سے 31 دسمبر 2017 تک یہ ٹرین تجرباتی بنیاد پر چلے گی ۔ اس کے بعد یکم جنوری 2018 سے یہ ایر کنڈیشن والی لوکل ٹرین چرچ گیٹ اور ویرار اسٹیشنوں کے درمیان مقررہ اوقات کے مطابق باقاعدگی سے چلا کرے گی ۔