نئی دہلی، شاہراہوں سے متعلق قومی اتھارٹی این ایچ اے آئی نے دوارکا ایکسپریس وے کے چوتھے مرحلے کے لئے کنٹریکٹ دیا ہے۔ یہ کنٹریکٹ بھرت مالا پری یوجنا کے تحت ریاست ہریانہ میں بسئی آر او بی سے قومی شاہراہ 8 تک ایس پی آر انٹرسیکشن کے لئے ہے۔ دوارکا ایکسپریس وے کے اس سیکشن کی ترقی سے دہلی اور گڑگاؤں کے درمیان مسلسل اور محفوظ ٹریفک کو یقینی بنایا جاسکے گا اور موجودہ دلی۔ گڑگاؤں ایکسپریس وے پر ٹریفک کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
آٹھ لائنوں والا ایکسپریس وے (این ایچ 248 بی بی) ای پی سی طریقے پر تعمیر کیا جائے گا جس پر 1047.007 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 8.76 کلومیٹر طویل سڑک کے اس حصے کی تعمیر کا کام میسرز لارسن اینڈ ٹربو لمیٹیڈ انجام دے گا۔ یہ کام دو سال میں مکمل ہوجائے گا، جس کے بعد چار سال کا دیکھ ریکھ کا وقت ہوگا۔ اس پروجیکٹ کے تحت ایک چھوتے پل کو چوڑا کیا جائے گا، فاضل آر او بیز تعمیر کئے جائیں گے، پانچ وی یو پی بنیں گے، بس شیلٹر کے ساتھ بسیں کھڑی کرنے کی 6 جگہوں کا انتظام کیا جائے گا۔
دوارکا ایکسپریس وے 5 پیکجوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلا پیکج جو 5.3 کلومیٹر کا ہوگا، شیو مورتی سے آریو بی تک کا ہوگا۔ دوسرا پیکج جو 4.2 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا، آر یو بی سے ہریانہ سرحد تک ہوگا۔تیسرا پیکج ہریانہ سرحد سے بسئی آر او بی تک ہوگا جس کا فاصلہ 10.2 کلومیٹر ہوگا۔ چوتھا پیکج بسئی آر او بی سے قومی شاہراہ نمبر 8 تک کے 8.77 کلومیٹر کے ٹکڑے پر مشتمل ہوگا اور پانچویں مرحلے کے تحت جو 5 کلومیٹر کا ہوگا، مغربی ہوائی اڈے کو سرنگ کے ذریعہ دوارکا ایکسپریس وے سے ملایا جائے گا۔