نئی دہلی؛ سینٹرل ویجلینس کمشنر (سی وی سی) جناب کے وی چودھری نے بدعنوانیوں کو روکنے کے لیے امتناعی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ آج یہاں ‘‘ امتناعی نگرانی- اچھے طریقوں کوفروغ’’ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ مقصد منظم طریقے سے اصلاحات کرکے اور ڈھانچے میں بہتری لاکر خامیوں کو شناخت کرکے اور انہیں دور کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان اقدامات سے بدعنوانیوں کو روکنے اور منظم طریقے سے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا مقصد حاصل ہوگا۔
جناب کے وی چودھری نے کہا کہ خامیاں تو شاید سبھی تنظیموں میں الگ الگ نوعیت کی ہیں لیکن حصولیابی، سامان اور خدمات کی فروخت، انسانی وسائل کے انتظام، عوام کو خدامت فراہم کرانے جیسے شعبوں میں چند بدعنوانیاں ایک ہی جیسی ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تنظیموں میں شفافیت اور جوابدہی لانے کے لیے موجودہ نظام کو بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے اور آسانیاں فراہم کرانے کے لیے طریقہ کار پر نظر ثانی، ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے، ذاتی دخل کو کم کرنے، مؤثر کنٹرول اور نگرانی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی تعلیم اور تربیت بھی ضروری ہے۔
یہ ایک روزہ ورکشاپ پانچ اجلاسوں پر مشتمل تھی، جن میں مالیاتی اداروں سمیت سرکاری تنظیموں اور سرکاری شعبے کے اداروں نے پرزنٹیشن دئیے اور اپنے ذریعے اختیار کیے گئے اچھے طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔