نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج حقوق انسانی کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی) کے سلور جبلی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی دہائیوں میں این ایچ آر سی نے محروموں اور مظلوموں کی آواز بن کر قومی تعمیر میں اپنا تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق انسانی کی حفاظت ہماری ثقافت کا ایک اہم جزو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق انسانی کے تحفظ کے لئے آزادی کے بعد ایک آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ ، ایک فعال میڈیا، ایک متحرک شہری معاشرہ اور این ایچ آر سی جیسی تنظیمیں رہی ہیں۔
وزیراعظم نےکہا کہ حقوق انسانی محض ایک نعرہ نہیں ہونا چاہئے، بلکہ ہمارے اقدار کا یہ ایک جزو بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سالوں میں غریبوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے متعدد سنجیدہ کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی توجہ یہ یقینی بنانے پر رہی ہے کہ تمام بھارتی باشندوں کی انسانوں کی بنیادی ضروریات تک رسائی ہو۔ اس تناظر میں وزیراعظم نے بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ ، سگمیہ بھارت ابھیان، پردھان منتری آواس یوجنا، اجولا یوجنا اور سوبھاگیہ یوجنا جیسی اسکیموں کی حصولیابیوں کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ان اسکیموں کے نتیجے کے طور پر لوگوں کی زند گیوں میں آئی تبدیلی کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 9کروڑ سے زائد بیت الخلاؤں کی تعمیر نے کروڑوں غریب عوام کے لئے صفائی ستھرائی اور ایک با وقار زندگی کو یقینی بنایا ہے۔ وزیراعظم نے حال ہی میں شروع کئے گئے آیوشمان بھارت کے تحت پی ایم جے اے وائی ہیلتھ ایشورینس اقدام کا بھی تذکرہ کیا۔ انہو ں نے مرکزی حکومت کی مالی شمولیت سے متعلق اقداما ت کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ تین طلاق سے مسلم خواتین کو راحت پہنچانے والا قانون بھی لوگوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے سے متعلق کئے گئے اقدامات کے اسی سلسلے کا ایک حصہ ہے۔
وزیراعظم نے انصاف تک آسانی سے رسائی کو بہتر بنانے سے متعلق کئے گئے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا۔ان اقدامات میں ای-عدالتوں کی تعداد میں اضافہ ا ور نیشنل جوڈیشئل ڈیٹا گرڈ کو مضبوط کرنا شامل ہے۔ وزیراعظم نے آدھار کو ٹیکنالوجی پر مبنی ایک با اختیار قدم قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات کی کامیابی میں جن بھاگیداری–عوامی شراکت داری کا بھی اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق انسانی کی بیداری کے ساتھ شہریوں کو اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کے تئیں بھی بیدار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں، وہ یہ بھی جانتےہیں کہ دوسروں کے حقوق کا احترام کیسے کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ آر سی کا رول پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے بھی اہم ہے۔