نئی دلّی، سیاحت کے مرکزی وزیر جناب کے جے الفونس نے آج یہاں نئی دہلی میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیاحت سہولتی اور معلوماتی کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔ یہ سہولتی کاؤنٹر آئی جی آئی ہوائی اڈے کے ٹرمینل ٹی-3 کے ارائیویل گیٹ کے قریب واقع ہے۔ وزارت سیاحت ممبئی، چنئی، کولکاتہ، گیا اور وارانسی میں بھی جلد ہی سہولتی کاؤنٹر شروع کرنے جارہی ہے۔
یہاں آنے والوں کے لئے سہولتی مرکز کا کھولنا آئی جی آئی ہوائی اڈے پر حکومت کے ذریعہ اپنے قسم کا پہلا سہولتی مرکز ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک میں آنے والے سیاحوں کو کافی مدد ملے گی۔ جناب الفونس نے کہا کہ یہ کاؤنٹر غیر انگریزی داں سیاحوں کی ضرورتوں کی تکمیل بھی کرے گا، کیونکہ یہ کاؤنٹر وزارت سیاحت کے 24×7 ہیلپ لائن ’1363‘ سے بھی منسلک ہوگا، جہاں سیاح غیرملکی زبانوں میں براہ راست بات چیت کرسکتے ہیں اور فرنچ، جرمن، اٹالین، پرتگالی، روسی، جاپانی، کوریائی، چینی اور عربی زبان میں رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
وزارت سیاحت نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے گھریلو اور بین الاقوامی دونوں طرح کے سیاحوں کے لئے چوبیس گھنٹے معلومات مہیا کرانے کے مقصد سے یہ کاؤنٹر قائم کیا ہے۔ سیاح سہولتی کاؤنٹر پر دو عملہ رہے گا اور سیاحوں کے سوالات کا جواب دینے کے لئے ایک سپروائزر ہوگا اور ایک گائیڈ ہوگا، جس کے پاس معلومات ہوں گی۔ ان کاؤنٹروں سے سیاحوں کو وافر تعداد میں معیاری سیاحتی ادب اور کتابچے بھی مہیا کرائے جائیں گے ۔